مینڈھر //ڈاک بنگلہ مینڈھر تا بالاکوٹ 11کلو میٹر رابطہ سڑک گزشتہ کئی برسوں سے مکمل ہی نہیں ہورہی ہے جس کی وجہ سے ایک وسیع سرحدی دیہات کی عوام کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ گزشتہ کئی عرصہ سے مینڈھر کے سرحدی علاقوں میں عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ایک رابطہ سڑک کی تعمیر کا عمل شروع کیاگیا تھا لیکن متعلقہ محکمہ کی مبینہ لاپرواہی کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مارچ 2021میں 7سے 9.5کلو میٹر سڑک کی تعمیر و مرمت کے سلسلہ میں ٹینڈر کیا گیا تھا لیکن 2کروڑ روپے سے زائد کی لاگت کا ٹینڈر نکلنے کے بعد سے ہی ٹھیکیدار غائب ہو گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ٹھیکیدار نے صرف ڈیڑھ ماہ تک ہی کام کیا تھا جس کے بعد اس نے تعمیر اتی عمل کو یوں ہی چھوڑ دیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مقامی معززین نے وفود کی شکل میں کئی مرتبہ متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ آفیسران سے رجوع کیا اور اس کے بعد متعلقہ محکمہ کی جانب سے بھی ٹھیکیدار کو تین نوٹس جاری کئے گئے لیکن اس کے باوجود بھی سڑک کا تعمیر اتی عمل دوبارہ سے شروع ہی نہیں کیا گیا ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ رابطہ سڑک کی مدد سے مینڈھر کے کئی سرحدی دیہات کی عوام کو فائدہ پہنچ سکتا ہے لیکن حکام کی نا اہلی کی وجہ سے پروجیکٹ کو مکمل کر کے مکینوں کو سہولیات فراہم ہی نہیں کی جارہی ہیں ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ٹھیکیدار کا ٹینڈر اور لائسنس منسوخ کر کے پروجیکٹ کو مکمل کروایا جائے ۔