سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر و رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے وائرس کی روک تھام اور متاثرین کو بہتر علاج و معالجہ کی فراہمی کیلئے اپنے ایم پی فنڈ میں سے ایک کروڑ40لاکھ روپے واگذار کئے۔ مذکورہ رقوم میں سے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیرکیلئے 50لاکھ، ہسپتال برائے امراض سینہ ڈلگیٹ سرینگر کیلئے 30لاکھ، صدر ہسپتال سرینگر کیلئے30لاکھ اور شیر کشمیر میڈیکل کالج ہسپتال سرینگر کیلئے30لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔فنڈس کی واگذاری کیلئے ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر کو لکھے گئے تحریری خط میں ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ ’’میرے خیال میں حکومت کی طرف سے سال 2020-21کیلئے اجراء کئے گئے ایم پی فنڈ کا سب سے بہتر استعمال میرے حلقہ انتخاب میں آنے والے ہسپتالوں میں کورونا سہولیات پر صرف کرنا ہوگا اور میں تجویز کرتا ہوں کہ میرے ایم پی فنڈمیں سے مذکورہ ہسپتالوں کو رقومات واگذار کی جائے۔‘‘