سرینگر//ڈاکٹر درخشاں اندرابی کو بھاجپا کے قومی ایگزیکٹو ممبر کے طور پر نامزد کیاگیا ہے۔ نئی دہلی ہوٹل اونرز ایسوسی ایشن ، نئی دہلی کی امپورٹرز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اور سینٹرل وقف کونسل کے ممبران نے موصوفہ کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے کہا کہ وہ وزیر اعظم ، وزیر داخلہ ، بی جے پی صدر اور جموں و کشمیر بی جے پی کے رہنماؤں کی شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ان پر اعتماد کیا اور انہیں قومی سطح پر بی جے پی کی مرکزی باڈی میں نامزد کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے مرکزی قیادت اور حکومت کی طرف سے جموں و کشمیر کے بارے میں اپنے خیالات پر غور اور قبول کرتے ہوئے فخر محسوس ہوتا ہے۔انہوںنے کہا کہ ان کا دو دہائیوں کا سیاسی سفر دہشت گردی ، علیحدگی پسندی ، نظریاتی تقسیم ، بدعنوانی اور محرومیوں کے خلاف مسلسل جنگ رہا ہے۔