کٹھوعہ//وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے لکھن پور بیس کیمپ میں سالانہ امر ناتھ یاترا کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کا جائیزہ لیا۔ انہوں نے لکھن پور میں یاتریوں کا استقبال کیا اور یقین دلایا کہ مرکزی اور ریاستی حکومت یاترا کے احسن انعقاد کے لئے ہر ممکن اقدامار کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یاتریوں کو پینے کے پانی، بجلی، طبی سہولیات اور سلامتی کے تمام انتظامات بہم رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے محفوظ اوربلا خلل یاترا کے لئے پرارتھنا کی۔انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ وضع کئے گئے رہنما خطوط کے مطابق ہی یاترا کریں۔بعد میں ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کیندریہ ودھیالیہ کٹھوعہ میں نئی تعمیر شدہ عمارت کا بھی افتتاح کیا۔یہ عمارت شہر کے مضافات میں تعمیر کی گئی ہے۔اس سے پہلے کیندریہ ودھیالیہ کٹھوعہ 2003 سے ایک عارضی سرکاری عمارت میں اپنا کام کاج چلا رہا تھا۔21 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی اس عمارت میں ہر طرح کی سہولیات دستیاب ہیں۔ڈاکٹر سنگھ نے طُلاب کے مستقبل کو سنوارنے میں اساتذہ کے رول کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے طُلباء نے قومی سطح کے اہم مقابلہ جاتی امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔