اسلام آباد// چین نے باضابطہ طور پر کورونا ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں پاکستان کے حوالے کردی ہیں۔ اسلام آباد میں نور ایئر بیس پر چین کی جانب سے فراہم کردہ کورونا ویکسین کی پاکستان حوالگی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ، جس میں چینی سفیر ،پاکستانی وزیر خارجہ محمود قریشی اور معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔تقریب میں چینی سفیر نے باضابطہ طور پر کورونا ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں پاکستان کے حوالے کی اور اس وقت موجود وزیر خارجہ شاہ محمود سمیت وفد نے کورونا ویکسین کی خوراکیں موصول کیں۔دوسری جانب چینی سفیر نونگ رونگ نے نورخان ایئربیس پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کورونا کے تدارک کیلئے پوری دنیا میں کام کرنے کیلیے پرعزم ہے اور چین کورونا کی صورت حال میں پاکستان کیساتھ تعاون جاری رکھے گا۔نونگ رونگ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا سب سے قریبی دوست ہے اور پہلا ملک ہے جسے چین کورونا ویکسین فراہم کررہا ہے جبکہ پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان بہترین شراکت داری ہے اور ویکسین کی فراہمی پاک چین دوستی کی لازوال مثال ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہناتھا کہ معاون خصوصی ڈاکٹرفیصل سلطان اور چینی سفیر ودیگر کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔