عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نیشنل کانفرنس کی مجلس عاملہ کا کا دو روزہ اجلاس کل پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی صدارت میں پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی نائب صدر و وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، معاون جنرل سکریٹری اجے کمار سدھوترا، نائب وزیر اعلیٰ سریندر سنگھ چودھری، وزیرا علیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، کابینہ وزراء سکینہ ایتو، جاوید احمد ڈار ، رکن پارلیمان میاں الطاف احمد، چودھری محمد رمضان، سجاد احمد کچلو، شمی اوبرائے، صوبائی صدور ایڈوکیٹ رتن لعل گپتا، ایڈوکیٹ شوکت احمد میر، کے علاوہ ممبرانِ مجلس عاملہ اور خصوصی طور مدعو کئے گئے لیڈران نے شرکت کی۔ اجلاس میں جموں وکشمیر کی موجودہ سیاسی اور انتظامی صورتحال، لوگوں کو درپیش مسائل ومشکلات ، پارٹی سرگرمیوں اور تنظیمی امورات پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ اجلاس میں شرکا نے لوگوں کے بنیادی مسائل و مشکلات اُجاگر کئے اور اجلاس کو اپنے اپنے علاقوں میں جاری پارٹی سرگرمیوں اور پارٹی پروگرواموں کے بارے میںبھی آگاہ کیا۔ڈاکٹر فاروق نے اپنے خطاب میں مجلس عاملہ کے ممبران پر زور دیا کہ وہ لوگوں کے ساتھ زمینی سطح پر تال میل رکھیں اور پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے ماضی میں بھی بہت سارے چیلنجوں کا سامنا کیا اور ہمیشہ سروخ رو ہوکر اُبھر ہے لیکن اس کے لئے عوامی حمایت لازمی ہے۔ انہوں نے کہا ہماری جماعت نے ماضی میں عظیم مالی اور جانی قربانیاں دیکر جموںوکشمیر کو درپیش چیلنجوں کا سامنا کیاہے اور انشاء اللہ ہم موجودہ چیلنجوں میںبھی سروخرو ہوکر سامنے آئیں گے۔اجلاس کل یعنی جمعتہ المبارک کو بھی جاری رہے گا ۔