جموں//چیف سیکرٹری بی و ی آر سبھرامنیم نے یہاں سول سیکرٹریٹ کا دورہ کر کے دربار مو کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔تعمیر و تجدید کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے تمام کاموں کو دربار مو دفاتر کھلنے سے پہلے مکمل کرنے کی ہدایت دی۔چیف سیکرٹری نے سول سیکرٹریٹ میں بلا خلل بجلی ، پانی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے سول سیکرٹریٹ کے اندر اور گرد و نواح میں صفائی ستھرائی کے کام کو بھی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔چیف سیکرٹری کو بتایا گیا کہ سول سیکرٹریٹ کے مختلف بلاکوں پر تعمیر و تجدید کا کام شد و مد سے جاری ہے جس کو مو دفاتر کھلنے سے قبل مکمل کیا جائے گا۔چیف سیکرٹری نے سول سیکرٹریٹ میں جاری کام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین کمار چودھری ، پرنسپل سیکرٹری منصوبہ بندی روہت کنسل اور صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما بھی اُن کے ہمراہ تھے۔