جموں// چیف سیکرٹری بی آر شرما نے صوبائی کمشنر کشمیر اور ضلع ترقیاتی کمشنروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے وادی میں پچھلے دو روز سے جاری مسلسل بارشوں کے نتیجہ میں پیدا شدہ صورتحال کا جائیزہ لیا۔ چیف سیکرٹری نے موسمی صورتحال اور جہلم کے علاوہ اس کی معاون ندیوں میں پانی کی سطح کا جائیزہ لیا۔ انہوں نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے انتظامی سطح پر کئے جارہے اقدامات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔انہیں بتایا گیا کہ جہلم دریا اور فلڈ چینل میں کسی بھی شگاف کی اب تک کوئی خبر نہیں ہے اور انتظامیہ نے کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لئے ریت کے تھیلے تیار رکھے ہیں۔ انہیں بتایا گیا کہ پچھے چنددنوں کی مسلسل بارشوں کے نتیجہ میں دریاؤ ں میں پانی کی سطح بڑھ گئی ہے تا ہم صورتحال پر مسلسل نگاہ رکھی جارہی ہے۔ چیف سیکرٹری نے دریائے جہلم اور اس کی معاون ندیوں میں پانی کی سطح کی نگرانی کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ موسم میں بہتری آنے تک دریائے جہلم کے کناروں پر پولیس اور سول انتظامیہ کے اہلکاروں کی پیٹرولنگ کو یقینی بنایا جائے تا کہ کسی بھی امکانی صورتحال کے وقت ضروری کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔ انہوں نے صوبائی انتظامیہ کو گھنٹہ ور بنیادوں پر موسمی حالات کے بارے میں میڈیا کے ذریعے عوام کو جانکاری دینے کی ہدایت دی۔ کسی بھی علاقہ میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے پر لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے کشتوں کو تیاری کی حالت میں رکھنے کی بھی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ کل بعد دوپہر موسم میں بہتری آنے کی اُمید ہے تا ہم انتظامیہ کو تیاری کی حالت میں رہنا چاہئے۔چیف سیکرٹری نے پانی کی نکاسی کے لئے مشینری اور افرادی قوت کو کام پر لگانے کی ہدایت دی تا کہ لوگوں کی مشکلات کا ازالہ کیا جاسکے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنروں کو مخصوص مقامات پر امدادی کیمپ قائم کرکے راشن، پانی، ایندھن اور کمبلوں کا وافر سٹاک دستیاب رکھنے کی ہدایت دی۔صوبائی کمشنر نے چیف سیکرٹری کو بجلی کی صورتحال کے علاوہ رسوئی گیس، پیٹرول، ڈیزل، تیل خاکی اور راشن کی دستیابی کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔