سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا ،جو کہ سکاسٹ کشمیر کے چانسلر بھی ہیں نے آج دو روز طویل چھٹی ٹیکنالوجی نمائش بیج سیل میلے کا یونیورسٹی شالیمار کیمپس میں اِفتتاح کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے 200 سٹالوںکا معائینہ کیا جن میں کئی مصنوعات زراعت ،باغبانی،اینمل ہسبنڈری اور ماہی پالن وغیرہ شعبوں سے متعلق ٹیکنالوجی کی نمائش کی جارہی ہے ۔ اُنہوں نے کسانوں کی بہبودی سکیموں اور پروگراموں سے متعلق جانکاری فراہم کرنے کے لئے قائم کئے گئے سٹالوں اور زرعی آلات میں مشینری اور حیاتیاتی مصنوعات تجارت سے وابستہ متعلقین کے سٹالوں کا بھی معائینہ کیا ۔کسانوں کو زرعی ماہرین، یونیورسٹی ماہرین زراعت ،زرعی صنعتی کاری سے متعلقین کے ساتھ وابستہ کرنے پر خصوصی زور دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اس طرح کی نمائشوں سے کسانوں کو بااعتماد ،جدید اور موافق جانکاری تک رسائی حاصل ہوتی ہے ۔ اُنہوں نے اِس موقعہ پر یونیورسٹی کیمپس میں گلِ لالہ کا پودا بھی لگا یا ۔میلے کے دوران کسانوں دیگر متعلقین ، یونیورسٹی کے مختلف شعبوں ، محققین اور کرشی و گیان کیندروں کی جانب سے سٹال لگائے گئے تھے جس میں زرعی شعبے کے مختلف مصنوعات اور ٹیکنالوجی کا مظاہر ہ کیا گیا۔میوہ پودوں ، سبزیوں ،پھولوں کی پینری، پولٹری پرندے ، دودھ اور دودھ سے بنی مصنوعات ، مویشیوں کے لئے چارہ ، حیاتیاتی کھاد ، مچھلی اور دیگر اقسام کی سبزیوں اور میوہ سے بنی مصنوعات بھی نمائش میں فروخت کے لئے رکھے گئے تھے۔آنے والے کسانوں اور تاجروں میں سائنسی زراعت ، باغبانی ، غنچۂ ابریشم ، فش فارمنگ اور لائیو سٹاک فارمنگ مواد بھی تقسیم کیا گیا۔ آنے والے کاشتکاروں کے لئے کسان سائنس دانوں کے باہمی رابطے کا پروگرام بھی ترتیب دیا گیا تھا۔