نئی دہلی//لکھن پور سے بسوہلی،۔بنی سے بھدرواہ اور ڈوڈہ کی قومی شاہراہ پرچھتر گلہ ٹنل کی تعمیر کے لئے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ تیار کرنے کا عمل شروع ہوگا ہے۔مرکزی وزیر و ایم پی ڈاکٹر جیتندر سنگھ نے ان باتوں کا اظہار ایم ایل اے بھدرواہ دلیپ سنگھ پریہار کے ساتھ کیا جو ان سے حلقہ کی جانب سے چھتر گلہ ٹنل کی تعمیر کی منظوری کے لئے شکریہ ادا کرنے کیلئے گئے ہوئے تھے۔ اس موقعہ پر پریہار نے کہا کہ خطہ کے لئے یہ ٹنل خواب حقیقت میں بدلنے کے مترادف ہے، جس کے لئے کئی آنے والی پیڑھیاں ڈاکٹر جیتندر کے مقروض رہیں گی، جن کی کاوشوں سے یہ ممکن ہوسکا ہے۔ڈاکٹر جیتندر نے پریہار کو بتایا کہ وہ ڈائریکٹر جنرل بی آر او کے ساتھ رابطے میں تھے جنھوں نے اسکی حالیہ رپورٹ انہیں بتائی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ٹنل کی تعمیر پر 3,500کروڑ روپے کی رقم خرچ ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ چھتر گلہ ٹنل سے علاقہ کی ہیت ہی بدل جائے گی خصوصاً ڈوڈہ اور کٹھوعہ اضلاع کے دائرہ اختیار کے علاقے ۔انہوں نے کہا کہ اس ٹنل سے نہ صرف سال بھر ہر موسم میں چلنے والا رابطہ فراہم ہوگا بلکہ اس ٹنل کی تعمیر سے سفر کرنے کے وقت میں بھی کمی آئے گی۔اور اس طرح سے ڈوڈہ۔بھدرواہ سے لکھن پور تک کے سفر میں 4سے5گھنٹوں کی کمی آئے گی۔ڈاکٹر جیتندر سنگھ نے مزید کہا کہ اس ٹنل کو فعال بنانے میں کئی سال لگ جائیں گے۔جس سے یہ عیاں ہے کہ موجودہ پارلیمنٹ کی مدت کے دوران یہ مکمل نہیں ہو سکے گی لیکن مکمل ہونے کے بعد اس سے سیاحت کو فروغ دینے ،جاب پیدا کرنے اور آمدنی حاصل کرنے کے نئے مواقعے پیدا ہو جائیں گے۔