چھاترو//عوامی حلقوں سے موصولہ جانکاری کے مطابق مقتول مبینہ طورپرمویشی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کی وجہ سے پولیس نے گرفتار کیاتھا۔معمول کے طبی معائینے کیلئے جب اسے پی ایچ سی چھاترولے جایا گیاتووہ راستے میں پولیس کو چکمہ دیکرفرار ہوگیااوربھاگتے وقت گرنے سے اس کوشدیدچوٹیں آئیں اوروہ لقمہ ٔ اجل بن گیا۔ موت کی خبر سنتے ہیں لوگوں نے نعش سڑک پررکھ کرجم کراحتجاج کیااور قصورواروں کیخلاف ایف آئی آر درج کرنے کی مانگ کی۔جموں وکشمیرپردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر و رکن اسمبلی اندروال غلام محمد سروڑی نے چھاتروپولیس کی حراست میں مبینہ جنسی ازیتوں سے فوت ہوئے جاویداحمدملک ولد محمد خلیل ملک ساکنہ بھرت ڈوڈہ کے معاملے کی مجسٹریل تحقیقات کامطالبہ کیاہے۔اُنہوں نے کہاکہ مبینہ طورپرکچھ پولیس افسران کی غفلت شعاری سے ایک شہری کی جان گئی ہے۔یہاں مشتعل مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے غلام محمد سروڑی نے کہاکہ جاویداحمدملک کی ہلاکت میں جو بھی ملوث ہواُسے قرارواقعی سزادی جائے۔اُنہوں نے بس اڈہ چھاترومیں زبردست عوامی احتجاج کے بیچ مظاہرین کوامن وامان برقرار رکھنے کی تلقین کرتے ہوئے ان کی مانگ کی بھرپوروکالت کی۔اس موقع پرسروڑی نے مویشیوں کی اسمگلنگ کی آڑ میں غریب لوگوں کو حراساں کرنے کاسلسلہ فوری طورپربند کرنے کی مانگ کی اورانتباہ دیاکہ اگریہ سلسلہ تھم نہ گیاتوبڑے پیمانے پراحتجاج کیاجائیگا۔انہوں نے کہاکہ قصوروانوں کیخلا ف کارروائی ہونی چاہئے۔سروڑی نے کہاکہ بغیرکسی تاخیرکے معاملے کوسلجھایاجائے اور قصورواروں کو گرفتار کیاجائے۔سروڑی نے کہاکہ اندروال کے لوگ امن پسند ہیں اور آپس میں بلالحاظ مذہب وملت ہرسکھ دکھ میں شانابشانہ چلنے والے ہیں، انہیں یوں ناانصافیوں اور مظالم سے اشتعال دلانے کی کوشش نہ کی جائے۔سروڑی نے کہاکہ کچھ عناصراندروال کے امن وامان اوربھائی چارے میں ہمیشہ آگ لگانے کی تاک میں رہتے ہیں، اُنہوں نے کہاکہ گوجربکروال طبقہ ایک پسماندہ، پچھڑاہوااورغریب طبقہ ہے جن کاگزربسر مال مویشیوں پرہی ہوتاہے، اورمال مویشی کوایک جگہ سے دوسری جگہ لیجانے کے دوران انہیں مویشی اسمگلرکاٹیگ لگاکرحراساں کیاجاناانتہائی افسوسناک اور ناقابل برداشت ہے۔سروڑی نے غمزدگان کیساتھ گہری ہمدردی کااِظہارکرتے ہوئے کہاکہ اس غم کی گھڑی میں وہ ان کیساتھ ہیں۔اُنہوں نے جاویدملک کی مغفرت اورجنت الفردوس میں جگہ نصیب کرنے کی بارگاہِ الٰہی سے دعاکی۔صورتحال کوقابوکرنے، مظاہرین کو یقین دہانی کرانے کیلئے اعلیٰ سطحی میٹنگ بھی ہوئی اس موقع پردیگران کے علاوہ امام جامع مسجد کشتواڑ، فاروق احمد کچلو، مولوی عبدالقیوم، امام چھاترو، رکن اسمبلی اندروال جی ایم سروڑی، ایم ایل سی فردوس احمدٹاک، ایس ایس پی کشتواڑ ابرار چوہدری، اے ڈی ڈی سی کشتواڑ امام دین، اے سی آر کشتواڑ اندرجیت سنگھ اور جاویدملک کے رشتہ داران موجودتھے ۔انتظامیہ نے معاملے کی جانچ اور قصورواروں کوشکنجے میں لانے کی یقین دہانی کرائی۔انتظامیہ نے بتایاکہ کارروائی شروع کی گئی ہے اور ابتدائی طورپرایس ایچ او چھاترو کوتبدیل کیاگیاہے۔انتظامیہ نے معاملے کی مجسٹریٹریل انکوائری کی یقین دہانی کرائی۔جواے ڈی ڈی سی کشتواڑ امام دین کی نگرانی میں ہوگی۔موقع پرپہنچے امام جامعہ مسجد کشتواڑنے جاویدملک کی ہلاکت کوسردخون والی ہلاکت قرار دیا اور انصاف کی مانگ کی۔اُنہوں نے کہاکہ مقتول کااس معاملے سے کوئی ناطہ نہ تھا۔