عاصف بٹ
کشتواڑ//جمعہ کی صبح کشتواڑ ضلع کے دورافتادہ علاقہ سب ڈویژن چھاترو کے علاقہ جات میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے مشترکہ طور پر بڑے پیمانے پر چلایا گیاسرچ آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہاجبکہ علاقے میں موبایل انٹرنیٹ سروس بھی بدستور معطل رہی۔ اطلاعات کے مطابق سیکورٹی فورسز کو علاقہ میں ملی ٹینٹوں کی جانب سے کوئی بڑی کاروائی انجام دینے کی اطلاع ملی تھی جسکے بعد مشترکہ طور سرچ آپریشن چلایاگیا۔جہاں کل فورسز نے سنگھپورہ، پاسرکوٹ،نایدگام و اسکے مضافاتی علاقے میں تلاشی چلائی وہیں دوسرے روز اس دائرے کو مزید وسیع کردیاگیاجس دوران فورسز نے پورے علاقے کو سیل کردیااور ہر شخص کی جامع تلاشی لی گئی ۔فورسز نےان علاقوں کو مکمل طور محاصرے میں لے رکھاہے اور لوگوں سے غیر ضروری طورگھروں سے باہر نہ نکلنے کو کہا گیا ہے ۔اس دوران حکام کی جانب سے علاقے میں دوسرے روز بھی انٹرنیٹ خدمات کو معطل رکھاگیاہے ۔ فوج نے عوام سے تعاون کی اپیل کی اور اس دوران احتیاط برتنے کو کہا گیاہے۔