چکترو تا محلہ قریشیاں رابطہ سڑک کی تارکول اکھڑ گئی

عشرت حسین بٹ

منڈی//تحصیل منڈی کے علاقہ چکترو تا محلہ قریشیاں رابطہ سڑک پر بچھائی گئی تار کول اکھڑ جانے سے عام لوگوں کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات کاسا منا کرناپڑرہا ہے ۔عوام نے انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے علاقہ میں دو کلو میٹر سڑک پر دو ماہ قبل ڈالا گیا غیر معیاری تارکول اکھڑ گیا جس کی وجہ سے عوام اور سڑک پر سفر کرنے والے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ سڑک پر متعلقہ ٹھیکید ار کی جانب سے غیر معیاری تارکول بچھایا گیاجو کہ بچھائے جانے کے کچھ عرصہ کے اندر ہی اکھڑ گیا اور سڑک پر جگہ جگہ کھڈے پڑنے کی وجہ سے سفر کرے والوں اور ٹرانسپورٹروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مکینوں نے متعلقہ حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ایک لمبے عرصہ سے سڑ ک پر تار کول بچھانے کا مطالبہ کیاجاتارہا ہے لیکن محکمہ کے ملازمین اور ٹھیکیدار کی آپسی ملی بھگت کی وجہ سے انتہائی غیر معیاری کام کیاگیا ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ کئے گئے کام کا معائینہ کر کے ملوث ملازمین و ٹھیکیدار کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ اس کو دوبارہ سے معیاری بنانے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں ۔