جموں //گوجر بکروال طبقہ نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ریاست جموں وکشمیر میں سرکاری اراضی کو کسی بھی سرکاری مقاصد کیلئے تبدیل نہیں کیا جا نا چاہیے جبکہ اس کی تبدیلی پر قانونی سازی کے ذریعہ پابندی عائد کی جانی چاہیے ۔ٹرائبل ریسرچ اینڈ کلچرل فاونڈیشن کی جانب سے ’خانہ بدوشوں کے مسائل ‘پر منعقدہ ایک پروگرام کے دوران اراکین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ریاستی انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ جلداز جلد قانون سازی کے ذریعہ چراگاہوں کی اراضی کو سرکاری و دیگر مقاصد کیلئے تبدیل کر نے پر روک لگائے ۔اراکین نے کہاکہ بڑے پیمانے پر چراگاہوں کو ذاتی و سرکاری مقاصد کیلئے استعمال کئے جانے سے خانہ بدوش طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو گا ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے ڈاکٹر جاوید راہی نے کہاکہ ریاست جموں وکشمیر میں گوجر بکروال طبقہ کا سب سے زیادہ انحصار مال مویشی پالنا و اس سے جوڑے ہوئے کاروبال پر ہے جبکہ لاکھوں کی تعداد میں خانہ بدوش طبقہ کاانحصار چراگاہوں پر ہے جبکہ ان چراگاہوں کو کسی نہ کسی طرح سے استعمال کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں اور مذکورہ تبدیلی کی وجہ سے ریاست میں لاکھوں کی تعداد میں رہائش پذیر خانہ بدوش طبقہ متاثر ہو گا تاہم ریاستی انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ ان علا قوںکی تبدیلی پر کو قانون سازی کے ذریعہ پابند ی عائد کر دے ۔