ٹھوس وجہ کے بغیرپُلی نہیں توڑی جاسکتی ،ایک ہی پُلی کوتوڑناسمجھ سے بالاتر: پی ڈبلیوڈی
جموں//شہرکے نواح میں واقع سیکٹر7،لین نمبر 8 اپرروپ نگر کی گوجربستی میں ایک نالے پرتین ہفتے پہلے محکمہ پی ڈبلیوڈی کی جانب سے لاکھوں روپے خرچ کرکے تعمیرکی گئی پُلی کومنہدم کرنے کیلئے جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے ہدایات جاری کی ہیں جس کے سبب مخصوص طبقہ کی دوبستیوں کاآپسی راستہ منقطع ہونے کامقامی لوگوں کوخطرہ لاحق ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق لگ بھگ تین ماہ پہلے محکمہ پی ڈبلیوڈی نے سیکٹر7،لین نمبر 8 اپرروپ نگرکی گوجربستی میں نالے پرپُلی تعمیرکرنے کیلئے محکمہ پی ڈبلیوڈی ایکسن ڈویژن نمبر 2 نے ٹینڈرنکالے تھے جس کے بعدوزیرتعمیرات نعیم اخترکی منظوری سے پُلی کی تعمیرکی گئی ،جس کی وجہ سے لین نمبر8 کی گوجربستی اورپُلی کی دوسری طرف کی بستی گوجرآباد کے ساتھ رابطہ قائم ہوگیا لیکن دوروزپہلے جے ڈی اے کے اعلیٰ حکام نے اس پُلی کومنہدم کرنے کی محکمہ کے اہلکاران کوہدایات دیں ،گذشتہ روزجیسے ہی پُلی کومنہدم کرنے کیلئے جے ڈی اے اہلکاران وہاں پہنچے تومخصوص طبقے سے تعلق رکھنے والے باشندوں نے اس کومنہدم کرنے پراعتراض جتایااورکہاکہ اس پُلی کوتوڑنے سے دوگوجربستیوں کاآپسی رابطہ منقطع ہوجائے گا۔انہوں نے کہاکہ اس پُلی کوسرکاری محکمے نے باقاعدہ طورپرٹینڈرنکالنے اورمنصوبے کومنظوری ملنے کے بعدتعمیرکیاہے۔اس سلسلے میں مقامی لوگوں نے نمائندہ سے بات کرتے ہوئے کہاکہ اس سیکٹرمیں 20 ۔ 30 دیگرپُلیاں بھی ہیں لیکن جے ڈی اے مخصوص طبقے کی بستیوں کوآپس میں جوڑنے والی پُلی کوہی تنگ نظری کے تحت منہدم کرنے پر تُلاہواہے ۔انہوں نے کہاکہ ہمیں خدشہ ہے کہ جے ڈی اے اہلکاران رات کے وقت اس پُلی کوتوڑیں گے۔انہوں نے کہاکہ محکمہ پی ڈبلیوڈی کی طرف سے لاکھوں روپے خرچ کرکے تعمیرکی گئی پُلی کومحکمہ جے ڈی اے من مانی کرکے توڑنے کی کوشش کررہاہے جوکہ گوجربستیوں کے لوگوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔لوگوں نے بتایاکہ شام کے وقت وائس چیئرمین جے ڈی اے ،دیگراہلکاروں کے ہمراہ پُلی اورمکانوں کی تصاویربنارہاہے اورہمیں خدشہ ہے کہ جبراً پُلی کومنہدم کیاجائے گا۔اس سلسلے میں جب وائس چیئرمین جے ڈی اے سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی توان کاموبائل سوچ آف ہونے کی وجہ سے بات نہ ہوسکی۔اس بارے میں جب پی ڈبلیوڈی ڈویژن نمبر 2 کے ایکسن راجن مینگی سے بات کی توانہوں نے کہاکہ میرے دھیان میں نہیں ہے کہ کون سی پُلی ہے لیکن ہم نے وہاں بہت سی پلیاں بنائی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کسی ٹھوس وجہ کی بنیادپرجے ڈی اے پُلی توڑسکتاہے ،یاتوکسی خاص گھرکیلئے بنائی گئی ہو،یااس میں میٹریل صحیح استعمال نہ ہوا۔ایک خاص پُلی کوتوڑنے کاکوئی جوازنہیں،اگرتوڑنی ہے توساری توڑنی چاہیئں۔انہوں نے کہاکہ جے ڈی اے کوہی صحیح معلوم ہوگاکہ پُلی کس بنیادپرمنہدم کرنے کیلئے کہاگیاہے۔ڈی ایس کٹوچ،ڈی ایل ایم نے کہاکہ میرے نوٹس میں ایساکوئی آرڈرنہیں ہے ،اگرایساہوگاتووائس چیئرمین کوہی معلوم ہوگا۔