تھنہ منڈی // گزشتہ کئی دنوں سے خطہ پیر پنچال کے متعدد علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے جہاں روایتی انداز میں گھا س کٹائی کا عمل متاثر ہوا ہے وہائیں کسان اپنی فصلوں کو لے کر پریشان ہو گئے ہیں ۔گزشتہ روز تھنہ منڈی کے بالائی علاقوں میں ہوئی طوفانی بارش کیساتھ ساتھ شدید ژالہ باری ہوئی جس کی وجہ سے فصلوںاور سبزیوںکو بھی نقصان پہنچا ہے۔قصبہ تھنہ منڈی کے کئی دیہات میں بارشوں اور تیز ہواﺅں کا سلسلہ جاری ہے جس سے عام زندگی متاثر ہو کر رہ گئی ہے۔تھنہ منڈ ی کے الال ،درہ ،برہرن، کھنیال کوٹ ، ڈھوک اور منگوٹہ وغیرہ میں شدید بارش اور تیز ہواﺅں نے فصلوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔واضح رہے کہ دو ماہ قبل اسی طرح کے شدید طوفان نے فصلوں کو تباہ کر کے رکھ دیا تھا تاہم اس بار رہی کسر بھی نکل گئی ہے جس کی وجہ سے کسان طبقہ بے حد پریشان ہے۔ اس سلسلہ میں سرپنچ پنچایت درہ برہون عقیل احمد نے کہا کہ خطہ پیر پنچال کے بیشتر علاقوں میں شدید طوفان، بارش اور ژالہ باری سے تباہی مچ گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پہلے سے تباہ حال مکئی کی فصلوں کیساتھ ساتھ دھان ودیگر فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔پنچایتی اراکین و معززین نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ فصلوں ودیگر نقصان کا تخمینہ لگا کر متاثرین کو معقول معاوضہ دیا جائے۔اس کے علاوہ منجا کوٹ ،مینڈھر اور سرنکوٹ کے متعدد علاقوں میں گزشتہ کئی دنوں سے رک رک کر بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ۔