تھنہ منڈی // خطہ پیر پنچال کے اکثر علاقوں میں ایک مرتبہ پھر سے بارش و پہاڑی علا قوں میں ہوئی ہلکی برفباری کی وجہ سے سردی میں شدت میں اضافہ ہو چکا ہے ۔لگ بھگ پورے خطہ میں گزشتہ روز مسلسل دوسرے روز بھی خراب موسمی صورتحال کے چلتے میدانی علاقوں میں موسلادھار بارشیں جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکی سے اوسط درجے کی برفباری ہوئی۔میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں معمول کی زندگی بھی متاثر رہی ماہ صیام میں خرید و فرخت کے سلسلے میں عام اور کاروباری زندگی پر بھی کافی گہرا اثر پڑا اورشہر کی سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے عام لوگوں کو عبور و مرور کے حوالے سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پہاڑوں پہ تازہ برفباری اور بارشوں کے باعث سردی کی لہر نے ایک بار پھر دستک دی ہے۔ دریں اثناء محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں عام طور پر مطلع ابر آلود رہے گا جس سے مزید بارشیں ہونے کا امکان ہے۔