ماسکو //روس میں تیار ہونے والی دنیا کی پہلی کورونا ویکسین رکن پارلیمنٹ نے بھی رضاکارانہ طور پر لگوالی۔ روسی رکن پارلیمنٹ اور لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ ولادیمر زرینووسکی نے رضاکارنہ طور پر کورونا ویکسین لگوائی، مذکورہ ویکسین کے ٹرائل کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔رپورٹ کے مطابق ولادیمر نے وہ کورونا ویکسین خود پر آزمائش کے لیے لگوائی ہے جس سے متعلق روسی صدر نے دعویٰ کیا کہ یہ دنیا کی پہلی وبا کے خلاف مؤثر ویکسین ہے، البتہ ویکسین کے مزید تجربات ابھی ہورہے ہیں۔روس میں لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ اور 74 سالہ رکن پارلیمنٹ ولادیمر زرینووسکی کو ویکسین لگائی جاچکی ہے جبکہ اس کے اثرات اور نتائج کا اعلان جلد کیا جائے گا۔روسی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ ہائی رسک گروپ پر ویکسین کی آزمائش نومبر یا دسمبر میں شروع کردی جائے گی۔ دوسری جانب روس ستمبر یا اکتوبر میں ایک اور ویکسین کی منظوری کی تیاری کر رہا ہے۔خیال رہے کہ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح روس بھی کرونا کی شدید لپیٹ میں ہے۔
ترکی کرسکتا ہے روسی کورونا ویکسین کا تجربہ
انقرہ// ترکی کے وزیر صحت فرحتین کوکا نے بدھ کو کہا کہ ترکی کے افسران جلد ہی عالمی وبا کورونا وائرس کے خلاف روسی ٹیکے کے تجربے کے لئے ایک پرمٹ جاری کرسکتے ہیں۔ کوکا نے کہا ’روس کے تیار کردہ کورونا ویکسین کا تجربہ کرنے کی ہمیں درخواست ملی ہے ۔ جلد ہی ہم اس سلسلے میں ایک پرمٹ جاری کریں گے ۔ اس کے علاوہ ملک میں دو الگ الگ ویکسین پر ٹرائل بھی چل رہا ہے ‘۔انہوں نے کہا کہ ویکسین کو فروغ دینے کے لئے خاص طور پر رضا کاروں پر ترکی میں اس طرح کے تجربے کئے گئے ہیں۔واضح رہے دنیا میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 2.59 کروڑ سے زیادہ ہوگئی ہے اور اس وبا کی وجہ سے 8.61 لاکھ سے زیادہ افراد دنیا کو الوداع کہہ چکے ہیں۔