پہاڑیوں کو ایس ٹی درجہ دینے کی کوشش | گوجر بکروال لوگوںکاڈوڈہ ضلع کے گلی بھٹولی میں احتجاج

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //گوجر بکروال طبقہ کے لوگوں نے پہاڑیوں کو مرکزی حکومت کی جانب سے ایس ٹی کا درجہ دینے کی کوشش کی مخالفت میں ڈوڈہ ضلع کے دور دراز علاقہ چلی بھٹولی میں احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ اگر سرکار نے یکطرفہ فیصلہ کیا تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کریں گے۔گجر بکروال ویلفیئر کانفرنس کے بینر تلے ہوئے احتجاج میں سابق سرپنچ چوہدری عبدالطیف بانیاں و منظور سمسال کی قیادت میں مظاہرین نے کہا کہ ترقی یافتہ دور میں بھی یہ قوم پسماندگی کا شکار ہے اور پچاس فیصد ستر فیصدی آبادی آج بھی پہاڑوں پر اپنا گذر بسر کرتے ہیں۔مظاہرین نے کہا کہ سرکار اس طبقہ کی فلاح و بہبود کیلئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کررہی ہے بلکہ سیاسی ووٹ بنک کے طور پر استعمال کرکے ہمیشہ ان کا استحصال کیا جاتا ہے۔انہوں نے ایل جی انتظامیہ و مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ وہ اس طرح کا کوئی فیصلہ نہ کریں جس سے لاکھوں گوجر و بکروال طبقہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچے گی۔