عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو کہا کہ جموں و کشمیر میں ہاکی کھیل کو مضبوط بنانے کے لیے حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور محکمہ کھیل و اسپورٹس کونسل نوجوان ٹیلنٹ کی شناخت اور تربیت کے لیے ایک مضبوط نظام قائم کر رہے ہیں۔پولو گراؤنڈ سری نگر میں قائم سنتھیٹک ہاکی آسٹرو ٹرف پر منعقدہ ’’الفا ہاکی انٹر اسکول ٹورنامنٹ 2026‘‘کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ باصلاحیت کھلاڑیوں کی شناخت اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھیلوں کا ٹیلنٹ اسی وقت نکھرتا ہے جب نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع، سہولیات اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے مناسب پلیٹ فارم فراہم کیا جائے۔ ان کے مطابق یہ ٹورنامنٹ نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو سامنے لانے اور انہیں آگے بڑھنے کا موقع فراہم کر رہا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، بہت سے بہترین کھلاڑی عام پس منظر سے تعلق رکھتے ہیں، لیکن اگر انہیں مواقع اور مناسب رہنمائی نہ ملے تو ان کا ٹیلنٹ آگے نہیں بڑھ پاتا۔ یہ ٹورنامنٹ ایسے ہی ٹیلنٹ کو سامنے لا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے دوران نوجوانوں کی کارکردگی نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں میں کھیلوں کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔
نوجوانوں کی تعریف کرتے ہوئے سنہا نے کہا کہ وہ مسلسل عزم اور محنت کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنے کی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کامیابی کے لیے محنت، لگن اور مستقل مزاجی ضروری ہے، جبکہ کھلاڑیوں کو اپنے کوچز کی رہنمائی سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔انہوں نے کہا،آپ کے کوچز آپ کی خوبیوں اور کمزوریوں کو بہتر انداز میں جانتے ہیں۔ ہمیشہ بہتری کی گنجائش رہتی ہے، اس لیے سیکھنے کا عمل جاری رکھیں اور اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوان کھلاڑیوں کو کامیاب ہاکی اسٹارز سے سبق لینے اور ان کی کامیابیوں سے تحریک حاصل کرنے کا مشورہ بھی دیا۔کھیلوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی ترقی دراصل قوم کی تعمیر سے جڑی ہوئی ہے اور کھیل نوجوانوں کو مثبت سمت میں آگے بڑھنے کے وسیع مواقع فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں جموں و کشمیر سے ہاکی کے بہترین کھلاڑی سامنے آئیں گے۔انہوں نے کہا، ہاکی ہمارے نوجوانوں کے لیے ایک بڑا میدان بن سکتا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ جموں و کشمیر سے مزید باصلاحیت کھلاڑی ابھریں گے اور یہ ٹورنامنٹ یو ٹی میں ہاکی کے ایک نئے سفر کا آغاز ثابت ہوگا۔
جموں و کشمیر میں ہاکی ٹیلنٹ کو فروغ دیا جا رہا ہے، مستقبل کے چیمپئن یو ٹی سے ابھریں گے: ایل جی سنہا