اشتیاق ملک
ڈوڈہ//رکن اسمبلی ڈوڈہ معراج ملک نے صفائی کرمچاریوں کی جانب سے ان کا پتلا نذرِ آتش کیے جانے پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کرنا ہر شہری کا جمہوری حق ہے اور انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں، تاہم قصبے میں پھیلی گندگی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ صفائی کرمچاری گزشتہ کئی برسوں سے انتہائی قلیل معاوضے پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور ان کے مسائل و مطالبات جائز ہیں۔ انہوں نے حکومتِ ہند اور جموں و کشمیر حکومت سے مطالبہ کیا کہ صفائی ملازمین کے دیرینہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔معراج ملک نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک بھر میں “سووچھ بھارت ابھیان‘‘ کا نعرہ دیا، لیکن صفائی کے نظام کو برقرار رکھنے والے ملازمین کے حقوق اور فلاح و بہبود کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ صفائی کرمچاریوں کی معاشی اور سماجی حالت بہتر بنانا حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔رکن اسمبلی نے خبردار کیا کہ قصبہ ڈوڈہ میں جمع ہونے والی گندگی سے مختلف وبائی اور متعدی بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، جس سے مقامی آبادی، بچوں اور عام شہریوں کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی صحت اور صفائی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور متعلقہ حکام کو چاہیے کہ وہ صفائی نظام کی بحالی اور صفائی ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کریں۔انہوں نے عمر عبداللہ حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ پچھلے ڈھائی برس میں وہ بنیادی سطح پر عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔