محتشم احتشام
پونچھ// تحصیل منڈی کی اہم شاہراہ پھاگلہ–منڈی ان دنوں شدید خطرات کی زد میں ہے جہاں متعدد بلائنڈ موڑوں پر بجری، ریت اور دیگر تعمیراتی مٹیریل غیر ذمہ دارانہ طور پر ڈال دیا گیا ہے۔ اس تشویشناک صورتحال کے باعث روزانہ اس سڑک سے گزرنے والے اساتذہ، طلبہ اور عام شہریوں کو شدید مشکلات اور ممکنہ حادثات کے خطرات کا سامنا ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق مذکورہ سڑک نہ صرف دیہی علاقوں کو آپس میں جوڑنے کا ایک اہم ذریعہ ہے بلکہ تعلیمی اداروں تک رسائی کا بھی بنیادی راستہ ہے۔ روزانہ بڑی تعداد میں اسکول جانے والے طلبہ اور تدریسی عملہ اسی سڑک کا استعمال کرتے ہیں۔ تاہم بلائنڈ موڑوں پر تعمیراتی ملبے کی موجودگی نے ٹریفک کی روانی کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ حادثات کے امکانات میں خطرناک حد تک اضافہ کر دیا ہے۔
علاقہ مکینوں نے اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے کہ سڑک کے حساس مقامات پر اس طرح کا مٹیریل پھینکنا نہ صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ انسانی جانوں کے ساتھ سنگین لاپرواہی بھی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر اس مسئلے کا تدارک نہ کیا گیا تو کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے۔شہریوں اور سماجی حلقوں نے روڈ اتھارٹی، تحصیل انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے ان خطرناک مقامات کی نشاندہی کریں اور وہاں سے ملبہ ہٹانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں۔ ساتھ ہی ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ اس طرح کی غفلت سے بچا جا سکے۔ماہرین کے مطابق سڑکوں پر اس نوعیت کی رکاوٹیں نہ صرف حادثات کا سبب بنتی ہیں بلکہ ایمرجنسی سروسز کی بروقت رسائی میں بھی رکاوٹ ڈالتی ہیں، جس سے جانی نقصان کے خدشات مزید بڑھ جاتے ہیں۔عوامی حلقوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ عوامی تحفظ کو اولین ترجیح دیتے ہوئے فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ اس اہم شاہراہ کو محفوظ بنایا جا سکے اور اساتذہ و طلبہ سمیت تمام مسافروں کی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔