سرنکوٹ// سرنکوٹ کے گاؤں پھاگلہ کے محلہ خلیاں میں بجلی کی ترسیلی لائنیں درختوں سے بندھی ہوئی ہیں جس سے کبھی بھی کوئی بڑا حادثہ رونما آسکتاہے ۔ محمد یوسف شاہ ضلع صدر رہبر تعلیم ٹیچر نے بتایا کہ انہوںنے محکمہ سے اس حوالے سے رابطہ بھی کیااور مانگ کی کہ کھمبے فراہم کئے جائیں لیکن محکمہ کو ٹس سے مس نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ یہاں بارش کے دوران کرنٹ لگنے کا خدشہ رہتاہے کیونکہ تاریں سرسبز درختوں سے لٹک رہی ہیں لیکن حکام کی طرف سے کوئی توجہ نہیں دی جارہی ۔ انہوںنے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ محکمہ بجلی کو نظام بہتر کرنے کی ہدایت دیں ۔خلیاں کے وارڈ نمبر ایک سے تعلق رکھنے والے شخص نے بتایا کہ اس محلے میں بجلی کبھی کبھار دیکھنے کو ملتی ہے جو ان کے ساتھ بہت بڑی ناانصافی ہے ۔انہوںنے کہاکہ محکمہ غفلت کی نیند سو رہا ہے اور اگر یہ ترسیلی لائنیں ایسی ہی رہیں تو بہت بڑا نقصان ہوسکتاہے ۔انہوںنے کہاکہ اس سلسلے میںبارہا محکمہ سے کہاگیالیکن وہ جیسے سورہاہے ۔ انہوںنے کہاکہ اگر یہاں کوئی بھی حادثہ رونماہواتواس کاذمہ دار محکمہ خود ہوگا۔انہوںنے کہاکہ اس سے قبل کہ کوئی حادثہ ہی رونما ہوجائے ، ترسیلی لائنوں کوکھمبے نصب کرکے ان سے باندھاجائے ۔