نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے پکھرنی علاقہ میں پانی سپلائی بند ہونے کی وجہ سے گائوں کے کئی کنبوں کو پانی کی شدید قلت کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ پکھرنی علاقہ میں تعمیر کردہ ٹینک سے سپلائی بند کردی گئی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کر کے پانی لانا پڑرہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے گزشتہ 15دنوں سے پانی کی سپلائی بندہو ئی ہے جبکہ اس سلسلہ میں متعلقہ محکمہ کو جانکاری ہونے کے باوجود بھی سپلائی کو بحال کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ جل شکتی کے ملازمین و آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پسماندہ دیہات میں پانی کی سپلائی کو بحال رکھنے کیلئے سنجیدگی سے کام نہیں کیا جارہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بند ہوئی سپلائی کو بحال کرنے کیلئے متعلقہ محکمہ کو ہدایت جاری کرنے کیساتھ ساتھ لاپرواہ ملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔