پچھلے کئی روز سے شاہراہ ٹریفک جام کی زد میں ناشری اور بانہال کے درمیان ٹریفک کی سست نقل و حرکت پریشانی کاباعث

محمد تسکین

بانہال// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر رام بن اور بانہال کے درمیان پچھلے تین روز سے ٹریفک جام کی وجہ سے مسافروں کو اپنی منزلوں تک پہنچنے میں کئی کئی گھنٹوں کی تاخیر کا سامنا ہے اور یہ سلسلہ جمعرات کو بھی جاری رہا۔پچھلے ہفتے کی بارشوں کی وجہ سے پسیوں اور پتھروں کے گرنے کی وجہ سے شاہراہ کئی مقامات پر یکطرفہ ٹریفک کے قابل ہی بنائی گئی تھی اور اس وجہ سے رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں ٹریفک کی نقل و حرکت کئی کئی گھنٹوں تک متاثر اور سست رفتار ہو کر رہ جاتی ہے۔ جمعرات کی صبح جموں سے نکلے کئی مسافروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہیں ناشری ٹنل سے بانہال تک پچاس کلومیٹر تک کی مسافت طے کرنے میں پانچ سے چھ گھنٹوں تک ٹریفک جام سے نبرد آزما رہنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ مجموعی طور پر ٹھیک ہے لیکن محکمہ ٹریفک کی بد انتظامی اور مسافر گاڑی والوں کی بلاوجہ کی اور ٹیکنگ ٹریفک جام کی اہم وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر جمعرات کی صبح چھوڑا گیا دو طرفہ مسافر ٹریفک پہلے ہی ٹریفک جام کا شکار تھا اور سہ پہر سے وادی کشمیر سے جموں کی طرف چھوڑے گئے ٹرکوں اور خالی ٹینکروں کی وجہ ٹریفک جام شدت اختیار کر گیا ہے اور رامسو اور بانہال کے درمیان ٹریفک کئی گھنٹوں تک بغیر ہلے پھنسا رہا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کے پہلے روزے سے لوگوں کو ٹریفک جام کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور وہ پانچ گھنٹوں کی تاخیر سے اپنی منزل کو پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک جام کا سلسلہ شام تک جاری تھا اور مسافر گاڑیاں اور ٹرک جام میں پھنسے تھے۔ٹریفک کے ایک اہلکار نے بات کرتے ہوئے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں کچھ مقامات پر سڑک پر یکطرفہ طور ہی ٹریفک کا گزر ہوتا ہے اور ہر روز تین چار مال گاڑیاں رام بن اور بانہال کے درمیان شاہراہ کے مختلف مقامات پر سڑک کے بیچ میں خراب ہوجانے سے ٹریفک کی دوطرفہ مسلسل روانی متاثر ہوجاتی ہے اور ٹریفک جام ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسافر گاڑی والوں کی اور ٹیکنگ بھی ٹریفک جام کیلئے ذمہ دار ہوتی ہے اور چند ڈرائیوروں کی غلطی شاہراہ کے باقی مسافروں کیلئے مشکلات کا باعث بن جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کی شام تک ٹریفک کی رفتار سست تھی تاہم بیشتر مسافر ٹریفک کو نکالا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سہ پہر بعد بانہال ٹرک یارڈ سے خالی ٹینکروں اور وادی کشمیر کے قاضی گنڈ سے ٹرکوں کو جموں کی طرف بحال کیا گیا ہے اور ٹریفک آگے بڑھ رہا تھا۔