عاصف بٹ
کشتواڑ //ضلع بھر میں بعد دوپہر سے جاری موسلا دھار بارشوں اور تیز آندھی نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ شدید موسم کی وجہ سے جہاں کئی علاقوں میں فصلوں و میوہ باغات کو نقصان پہنچا وہیں 132کے وی ترسیلی لاین میں خرابی پیدا ہونے کے باعث پورے ضلع میں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہو گئی ہے۔ رہایشی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
جبکہ صفائی ملازمین کی ہڑتال کےسبب گلی کوچے زیر آب آئے ہیں جس سے چلنا دشوار ہوگیاہے وہیں بجلی سپلائی بھی متاثر ہوئی ہے۔ این ایچ پی سی حکام نے بتایا کہ 132کے وی لائن میں تکنیکی خرابی آئی ہے، جس کی وجہ سے بجلی کی سپلائی بند ہو گئی۔ حکام کے مطابق موسم کی خرابی کے باعث مرمتی کام میں دشواری پیش آ رہی ہے، تاہم ٹیمیں بحالی کے لیے متحرک ہیں اور موسم بہتر ہوتے ہی کام میں تیزی لائی جائے گی۔ عوام نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ بجلی کی بحالی کے ساتھ ساتھ متاثرہ علاقوں میں ضروری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔