نئی دہلی//یو این آئی//دہلی خواتین کانگریس، دہلی پردیس کانگریس کمیٹی نے کل پیٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کے گھر کے سامنے مظاہرہ کیا۔ جس میں آل اندیا خواتین کانگریس کی صدر ششمتا دیو، دہلی کانگریس کے صدر انل چودھری اور دہلی خواتین کانگریس کی صدر امریتا دھون، زبیر چودھری اور ملکہ خاں وغیرہ نے حصہ لیا۔ کانگریس کی خواتین اور مرد کارکنان مظاہرہ کے دوران بریکیڈ توڑ کر اندر تک چلے گئے جس کی وجہ سے پولیس کو لاٹھی چارج کرنی پڑی اور پولیس مظاہرین کو سول لائن تھانے لے گئی اور حراست میں رکھا اور بعد ازاں ان سب کو چھور دیا گیا۔ادھر مغربی بنگال میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف کئی اضلاع میں ترنمول کانگریس کے حامیوں نے احتجاج کیا ہے ۔ترنمول کانگریس نے اپنے ممبران اسمبلی کو ہدایت دی ہے کہ کورونا پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے احتجاجی جلوس نکالیں ۔اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر بھی دونوں پارٹیاں ایک دوسرے کے خلاف مہم چلارہی ہے ۔تفصیل پیش کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ پٹرول کی قیمت کا 33.21روپے مرکز اور 19.18روپے ریاستی حکومت بطور ٹیکس لیتی ہے ۔