عظمیٰ نیوز سروس
وشاکھاپٹنم// آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم اسٹیل پلانٹ میں بے حد دردناک اور بڑا حادثہ پیش آیا۔ پلانٹ کے اندر کام کے دوران بڑی مقدار میں ابلتا ہوا مائع سٹیل (پگھلا ہوا لوہا) اٹھاتے وقت مزدوروں پر گر گیا۔ اس خوفناک حادثے میں اب تک آٹھ مزدوروں کی موت کی اطلاع ہے۔ کئی دیگر شدید طور پر جھلس گئے ہیں۔ابتدائی جانکاری کے مطابق یہ حادثہ اسٹیل پلانٹ کے ایس ایم ایس-2 اور ایس ٹی سی-3 ہیٹ پروسیسنگ یونٹس میں اس وقت پیش آیا جب کرین ابلتے ہوئے مائع سٹیل کو اٹھا رہی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ تقریباً 1500 ڈگری سینٹی گریڈ کے شدید ترین درجہ حرارت پر ابلتے ہوئے اس دھاتی مائع پر مشتمل لاڈل (بڑا کنٹینر) اچانک بے قابو ہو کر ہل گیا، جس سے ابلتا ہوا گرم سٹیل وہاں کام کرنے والے مزدوروں پر گر گیا۔ابلتا ہوا مائع سٹیل گرتے ہی زد میں آنے والے مزدو درد و کرب سے چیخنے لگے۔ باقی مزدور بھی جان بچانے کے لیے بھاگنے لگے اور چیخ و پکار مچ گئی۔ فی الوقت فائر بریگیڈ سٹیل پلانٹ میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے۔ حادثے میں متعدد مزدور زخمی ہیں جس سے اموات کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔ حادثے کے سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔