بانہال//ضلع رام بن کے اکڑال پوگل پرستان کے علاقے میں سڑک کے ایک حادثے میں ایک موٹر سائیکل سوار کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی ہے۔ پولیس نے مرنے والے شخص کی شناخت محمد امین شیخ ولد محمد یاسین ساکنہ کنڈہ پوگل تحصیل اکڑال عمر 28 سال کے طور کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ موٹر سائیکل سوار اکڑال سے اپنے گھر واقع کنڈہ پوگل کی طرف جارہا تھا کہ اڈھال کے نزدیک موٹر سائیکل سوار اپنے موٹر سائیکل نمبر JK-19/8341پر قابو کھو بیٹھا اور تیز رفتاری کے ساتھ موٹر سائیکل سڑک سے لڑھک کر دو سو فٹ گہری کھائی میں جا گرا ۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگ بچائو کاروائیوں کیلئے جائے واردات پر پہنچ گئے لیکن تب تک موٹر سائیکل سوار محمد امین کی موقع پر ہی موت واقع ہو چکی تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ مہلوک نوجوان کنڈہ پوگل میں میڈیکل شاپ چلاتا تھا۔ پولیس سٹیسن رامسو نے نے ضابطے کی کارروائی کی ہے۔موصوف جمعیت اہلحدیث جموں وکشمیرکے نائب صدر ڈاکٹر عبد اللطیف الکندی کے بھانجے تھے۔ جمعیت کے صدر پروفیسر غلام محمد بٹ المدنی نے اپنے تعزیتی بیان میں اشکبار آنکھوں سے اس درد ناک واقعہ پر افسوس و رنج ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جگر زخمی ہوچکے ہیں دل حزن و ملال سے مضطرب و مغموم ہیں آنکھیں آنسوؤں کی برسات برسا رہی ہیں اور زبان پر بس الہی فرمودہ آیت استرجاع اناللہ وانا الیہ راجعون ہے یقیناً ڈاکٹر الکندی اور سبھی صدمہ سے نڈھال لوگوں پر کوہ غم ٹوٹ پڑا ہے لیکن صبر و رضا کے سوا کوئی چارہ اور نہ کوئی علاج ہے یہی دین کی تعلیمات ہیں اور بہرحال یہ ایک شدید آزمائش ہے اور اللہ کے حکم کے سامنے سر تسلیم خم کرکے ہی ہم اللہ کی بے شمار رحمتوں کے مستحق ہوسکتے ہیں۔صدر جمعیت نے ڈاکٹر الکندی اور سوگواراں کو یقین دلایا کہ ساری جماعت و جمعیت اس مصیبت عظمی کے موقع پر ان کے ساتھ کھڑ ی ہے۔