پونچھ ہسپتال جانے والی سڑک کی مرمت کا عمل شروع مقامی لوگوں نے غیر معیاری تار کول بچھانے کا الزام عائد کیا

حسین محتشم

پونچھ//عوام کی درینہ مانگ کے بعد راجہ سکھ دیو سنگھ ڈسٹرکٹ ہسپتال پونچھ جانے والی سڑک پر تارکول بچھانے کا کام شروع کیا گیا ہے تاہم تارکول بچھانے کا کام میں بالکل غیر معیاری طریقہ کار اپنایا گیا ہے جس کو لیکر پونچھ کے سیاسی و سماجی کارکنان اور عوام سخت برہمی کا اظہار کر نے کیساتھ ساتھ سخت کارروائی ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ متعلقہ ٹھیکیداروں کو معیاری کام کرنے کی ہدایت دی جائے۔ سماجی و سیاسی کارکن رویندر کمار اور سماج سیوا سوسائٹی پونچھ کے صدر جوگل کشور شرما نے غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری رقونات کا ضیاع ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا ضلع ہسپتال سڑک پر ہورہے بلیک ٹاپنگ کے کام پر انھیں گہری مایوسی ہوئی ہے۔انہوں نے کام کے معیار کا جائزہ لینے کے لئے ایک انکوائری کمیشن قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کام کا یہ معیار ٹیکس دہندگان کے پیسوں کا ضیاع ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پونچھ ضلع میں جتنی بھی سڑکیں تعمیر ہو رہی ہیں یا بلیک ٹاپ ہو رہی ہے ہر جگہ کا یہی حال ہے۔انہوں نے منڈی کے صدر بازار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں ابھی دو چار روز پہلے ہی بلیک ٹاپنگ کی گئی تھی لیکن وہ بالکل ختم ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا پہلے بلیک ٹاپنگ مہینوں نہیں سالوں تک قائم رہتی تھی لیکن اب دنوں میں سڑکیں ندی نالوں کی شکل اختیار کر جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مرکز میں اتنی بہترین سرکار ہونے کے باوجود ضلع پونچھ میں تعمیراتی کام نہیں ہورہے ہیں اور جو کام ہورہے ہیں متعلقین عوامی ترقیاتی کام کرنے کے بجائے اپنی جیب بھر رہے ہیں۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔