محتشم احتشام
پونچھ//قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کیلئے ضلع پولیس پونچھ نے ایک اہم قانونی کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری ملزمان کی غیر منقولہ جائیداد ضبط کر لی۔یہ کارروائی ایک طویل عرصے سے زیر التواء فوجداری مقدمہ کے سلسلے میں عمل میں لائی گئی۔پولیس ذرائع کے مطابق ضبط کی گئی جائیداد ایک پرانا رہائشی مکان ہے، جو 2 کنال اور 5 مرلہ اراضی پر واقع ہے اور اس کی مالیت تقریباً 5.5 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ یہ جائیداد مختی بی دختر عبدالعزیز (زوجہ زمانہ لون) اور عبدالعزیز ولد احمدہ لون، ساکنان چیمبر کناری، تحصیل منڈی، ضلع پونچھ کی مشترکہ ملکیت ہے۔
یہ کارروائی (سی آر پی سی) کی دفعہ 88 کے تحت معزز عدالت کے احکامات کی تعمیل میں انجام دی گئی۔ مذکورہ ملزمان پولیس اسٹیشن منڈی میں درج ایف آئی آر نمبر 07/2002 کے تحت دفعہ 2/3 ایگریس اینڈ انٹرنل موومنٹ (کنٹرول) آرڈیننس (E&IMCO) ایکٹ میں مطلوب ہیں۔تحقیقات کے مطابق دونوں ملزمان پاکستان/پی او جے کے فرار ہو گئے تھے، جس کے بعد عدالت نے انہیں اشتہاری قرار دے دیا تھا۔ پولیس کی مسلسل کوششوں کے باوجود ملزمان گرفتاری سے بچتے رہے اور قانون کی گرفت میں نہ آ سکے، جس پر عدالت نے ان کی جائیداد ضبط کرنے کے احکامات جاری کیے۔ضلع پولیس پونچھ نے ریونیو حکام کے اشتراک سے عدالتی احکامات پر فوری عمل درآمد کرتے ہوئے مکمل قانونی طریقہ کار کے مطابق جائیداد کو ضبط کیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے اور مفرور ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔پولیس نے واضح کیا کہ اشتہاری اور مفرور ملزمان کے خلاف آئندہ بھی سخت قانونی اقدامات جاری رہیں گے تاکہ عوام کا نظامِ انصاف پر اعتماد مزید مستحکم ہو سکے۔