پونچھ// کورونا وائرس کے باعث بند تعلیمی اداروں کو کھولنے کے تیسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا۔جموں کشمیر کے دوسرے اضلاع کی طرح پونچھ میں بھی 11ماہ بعد علم کی شمع دوبارہ روشن ہوئی اور ننھے پروانوں کی اسکول آمد ہوگئی،اس دوران پہلی سے آٹھویں جماعت تک کلاسز بحال کی گئی۔ضلع پونچھ کی تمام علاقوں میں ننھے بچے کلاسز کیلئے اسکول پیر سے کھل گئے،پہلی سے آٹھویں جماعت کے طلبہ 11ماہ بعداسکول پہنچ گئے۔محکمہ تعلیم کے اعلی افسران کے مطابق صورتحال کا جائزہ لے کر تیسرے مرحلے کی طرف جانیکا فیصلہ کیاگیا۔اسکول کھولنے پر ضلع بھر کے طلبا ء خوش ہیں، اسکولوں میں ایس او پیز کی پابندی کا خیال رکھا جارہا ہے۔ سینی ٹائزر اور سماجی فاصلے کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ ماسک کے بغیر اسکولوں میں داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ پہلے ہی روز اساتذہ سیلبس مکمل کروانے میں مصروف ہوگئے ہیں مگر کہتے ہیں اوقات کار کم ہوں تو زیادہ بہتر ہوگا اور طلبہ کیلئے پڑھنا آسان ہوگی۔ انتظامیہ کی جانب سے اسکول کے پرنسپل، اساتذہ، طلباء اور دیگر اسٹاف کو ماسک پہننے، سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور ہاتھوں کو صاف رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔جہاں طلباء پرعزم ہیں کہ وہ پہلے سے زیادہ محنت کرتے ہوئے اپنی تعلیمی کمی کو پورا کریں گے وہیںاسکول انتظامیہ کی جانب سے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد بھی کیا جارہا ہے۔