پونچھ//پی ڈی پی ضلع اکائی پونچھ کے مشاورتی ممبران اور زونل صدور کا ایک اجلاس صدر مقام پونچھ میں تنظیم کے ضلعی صدر شمیم احمد ڈار کی صدارت میں منعقد ہوا ۔بیان کے مطابق اس مشاورتی اجلاس کی رو سے اِن افراد نے ضلعی سطح پر پارٹی کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور پارٹی کے بُنیادی منشور یعنی ’ عوامی خدمت‘ کو مزید مستحکم اور مضبوط بنانے کا عہد کیا۔ علاوہ ازیں ضلع صدر نے اس موقعہ پر پارٹی کی ریاستی صدر اور وزیرِ اعلیٰ محبوبہ مفتی کو دفعہ A 35-اور 370 پر اختیار کئے گئے واضح موقف کے لئے مبارک باد پیش کی۔ اُنہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پارٹی کی ساری تنظیم اُن کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔ موصوف نے کہا کہ پی۔ڈی۔پی ریاست کو حاصل خصوصی درجہ کے ساتھ کسی قسم کی کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں ہونے دے گی اور اس سلسلہ میں کسی لمحہ فرو گزاشت سے کام نہیں لے گی کیوں کہ یہی پارٹی کے بانی اور عظیم قائد مرحوم مفتی محمد سعید کا نظریہ تھا۔ ڈار نے کہا کہ مرحوم مفتی محمد سعید نے ہمیشہ ریاست کے تینوں خطوں کی یکساں ترقی و بہبودی کے لئے ہی کام کیا اور اِن خطوں میں کسی قسم کی نابرابری نہیں ہونے دی ۔ شمیم ڈار کا کہنا تھا کہ پارٹی اپنے قائد کے اُس خواب کو ضرور شرمندہ تعبیر کرے گی اور اُن کے اُس نظریہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی ۔اجلاس کے آخر میں مشاورتی کمیٹی نے یہ فیصلہ کیا کہ اگلے ماہ کی مشاورتی میٹنگ تحصیل سُرنکوٹ کے صدر مقام پر منعقد ہوگی۔ اس اجلاس کو خصوصی طور پر ایم۔ایل۔اے حویلی شاہ محمد تانترے، ایم۔ایل۔سی یش پال شرما، ضلع کے نائب صدور محمد ایوب شبنم اور ماسٹر محمد دین پسوال ، زونل صدور حاجی محمد اعظم ساگر، ایڈوکیٹ یاسر سرفراز جنجوعہ، منظور احمد لون، مطلوب خان، ایم۔این۔ قریشی، ایڈوکیٹ معروف خان، شمیم گنائی، شہزاد خان، حاجی غُلام احمد خان، چوہدری محمد صادق، چوہدری محمد نثار، سیّد طیب بُخاری، قاضی عبدالطیف ، شکیل پرے، بِلال مخدومی، نیاز احمد منگرال، مرز ا عبدالعزیز، خورشید احمدخان ، امر سنگھ جوش، نریش راج شرما، پروفیسررگھبیر سنگھ، بشیر احمد خاکی اوررشید زرگر نے خطاب کیا ۔ اس مشاورتی اجلاس میں نظامت کے فرائض ضلع جنرل سیکریٹری تنویر احمد ڈار نے انجام دئیے۔