جموں//چیئر مین قانون ساز کونسل حاجی عنائت علی نے حکومت کو ریاست کے عوام کو پینے کے پانی کی معقول ترسیل بہم رکھنے کے لئے پرانی پائپیں بدلنے کی ہدایت دی۔وقفہ سوالات کے دوران پردیپ شرما کی جانب سے اُٹھائے گئے سوال میں مداخلت کرتے ہوئے چیئرمین نے ان علاقوں میں پانی کی ناقص اور زنگ خوردہ پاپیں بدلنے کے لئے معقول رقومات فراہم رنے کی حکومت کو پدایت دی جہاں یہ مانگ کی جارہی ہے۔سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر برائے صحت عامہ شام چودھری نے ایوان کو مطلع کیا کہ پونچھ قصبہ کے باشندوں کو تین واٹر سپلائی سکیموں سے پانی معقول مقدار میں فراہم کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پینے کے پانی کی ترسیل کو مزید توسیع دینے کے لئے حکومت ایل آئی سی قرضہ سہولیات کے تحت ایک اور سکیم تعمیر کرنے کی تجویز رکھتی ہے۔ انہوں نے ایوان کو مزید بتایا کہ پانی کی قلت والے علاقوں کو تین سرکاری ٹینکروں سے پانی فراہم کیا جارہا ہے۔سجاد احمد کچلو اور یش پال شرما نے اپنے متعلقہ علاقوں میں پانی کی ترسیل میں بہتری لانے کے لئے ضمنی سوالات اُٹھائے۔