محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیشِ نظر ٹریفک پولیس نے سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ایس ایس پی ٹریفک رورل جموں فاروق قیصر کی واضح اور سخت ہدایات اور راجوری/پونچھ رینج کے ڈی وائی ایس پی ٹریفک شو کمار کی زیرِ نگرانی ضلع کے مختلف مقامات پر یکے بعد دیگرے خصوصی ناکے اور چیکنگ پوائنٹس قائم کئے گئے، جن میں ٹریفک ڈی ٹی آئی منظور کوہلی، ایس او ٹریفک محمد معروف اور ان کی پوری ٹیم نے نہایت مستعدی کے ساتھ حصہ لیا۔کارروائی کے دوران ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین کی مختلف اقسام کی خلاف ورزیوں کے خلاف سخت اقدامات کرتے ہوئے متعدد گاڑیوں کے چالان کئے اور کئی گاڑیاں ضبط بھی کر لیں۔ اس کارروائی نے واضح پیغام دیا کہ ٹریفک پولیس قانون شکن عناصر کے خلاف کسی قسم کی نرمی کے موڈ میں نہیں ہے۔خصوصی کارروائی کے دوران صوتی آلودگی میں اضافے کا سبب بننے والے پریشر ہارن استعمال کرنے والی گاڑیوں کو موقع پر ہی روکا گیا اور ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اس دوران ہیلمٹ و سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد کیے گئے۔ مہم کے دوران اجازت شدہ حد سے زیادہ مسافروں یا سامان لادنے والی گاڑیوں کو چیک کرکے چالان کیے گئے جب کہ بڑے شور اور تکلیف دہ آواز پیدا کرنے والے غیر قانونی تبدیل شدہ سائلینسر والی موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو ضبط کرنے تک کی کارروائی کی گئی۔ٹریفک پولیس اہلکاروں نے اس مہم کے دوران عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی نہ صرف قانونی ذمہ داری ہے بلکہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے انتہائی ضروری بھی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی جس میں جرمانے، گاڑی ضبطی اور حتیٰ کہ ڈرائیونگ لائسنس کی منسوخی بھی شامل ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سڑک حادثات کی روک تھام اور ٹریفک نظم و ضبط کی بحالی کے لیے ایسے کریک ڈاؤن مسلسل جاری رہیں گے۔ ان کارروائیوں کا مقصد شہریوں میں ٹریفک سے متعلق بیداری پیدا کرنا اور سڑکوں کو محفوظ بنانا ہے تاکہ ہر شہری اطمینان اور سلامتی کے ساتھ سفر کر سکے۔یہ ٹریفک پولیس کی جانب سے ایک واضح پیغام ہے کہ قانون شکنی برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام کو محفوظ ٹرانسپورٹ ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔