محتشم احتشام
پونچھ//گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ کے اسپورٹس آڈیٹوریم میں ایک پروقار اور باوقار تقریب کے دوران ممتاز سماجی، سیاسی اور تعلیمی شخصیت مرحوم مولوی محمد شفیع کھٹانہ (قلائیوی) کی حیات و خدمات پر مبنی کتاب ’مشعلِ راہ‘ کی رسمِ اجرا انجام دی گئی۔ اس اہم ادبی و سماجی تقریب کا اہتمام اے اے ایس سوشل اینڈ ایجوکیشنل ٹرسٹ (جے اینڈ کے) نے کیا، جس میں دانشوروں، اساتذہ، طلبہ، سماجی کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی رکنِ پارلیمنٹ میاں الطاف احمد لاروی تھے، جنہوں نے کتاب کی رونمائی انجام دیتے ہوئے مرحوم مولوی محمد شفیع کھٹانہ کی ہمہ جہت خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ مرحوم ایک وڑنری رہنما تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی عوامی خدمت، سماجی اصلاح اور سیاسی بصیرت کے فروغ کے لئے وقف کر رکھی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسی شخصیات کی زندگیوں کو کتابی شکل میں محفوظ کرنا نہایت اہم ہے تاکہ آنے والی نسلیں ان کے افکار و خدمات سے رہنمائی حاصل کر سکیں۔کتاب ’مشعلِ راہ‘ مرحوم کی زندگی کے مختلف پہلوؤں، ان کی جدوجہد، قیادت اور عوامی خدمات کی بھرپور عکاسی کرتی ہے۔ مقررین نے اس موقع پر کہا کہ یہ کتاب نہ صرف ایک سوانحی دستاویز ہے بلکہ نوجوان نسل کے لیے ایک عملی مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔تقریب میں ایم ایل اے پونچھ اعجاز احمد جان، معروف سماجی و عوامی شخصیت مقصود چوہدری اور دیگر معززین کی موجودگی نے اس موقع کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا۔ مقررین نے ان معزز شخصیات کی شرکت کو تقریب کے وقار میں اضافے کا باعث قرار دیا اور مرحوم کی خدمات کے اعتراف میں اسے ایک بھرپور خراجِ عقیدت سے تعبیر کیا۔دیگر مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولوی محمد شفیع کھٹانہ نے اپنی زندگی کو تعلیم کے فروغ، سماجی ہم آہنگی اور عوامی فلاح کے لیے وقف کیا، اور ان کی خدمات ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھی جائیں گی۔تقریب کے اختتام پر منتظمین نے مہمانانِ گرامی اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کی علمی و ادبی سرگرمیوں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا تاکہ معاشرے میں مثبت اور تعمیری سوچ کو فروغ دیا جا سکے۔