محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کے ڈاک بنگلہ میٹنگ ہال میں نیشنل ٹوبیکو کنٹرول پروگرام (NTCP) اور سی او پی ٹی اے (COTPA) گائیڈلائنز کے تحت ایک اہم تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس کی نگرانی چیف میڈیکل آفیسر پونچھ ڈاکٹر پرویز احمد خان نے کی۔ضلع کے تمام بلاکس سے آئے ہوئے پنچایت سیکریٹریوں نے بھرپور شرکت کی، جبکہ ڈی سی ایم او پونچھ، بی ایم او مینڈھر، ضلع و بلاک اے سی ایس، ڈی ای آئی سی منیجر، ڈی پی ایم، ڈی اے ایم اور بی ایم او سرنکوٹ کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔تکنیکی تربیت جے اینڈ کے یو ٹی سے تعلق رکھنے والے ماسٹر ٹرینر ڈاکٹر ناصر تراب قاضی نے فراہم کی، جنہوں نے شرکاء کو سی او پی ٹی اے کے قانونی پہلوؤں، تمباکو نوشی کے مضر اثرات، کنٹرول اقدامات اور سماجی سطح پر آگاہی بڑھانے کی حکمتِ عملی سے آگاہ کیا۔سی ایم او ڈاکٹر پرویز احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنچایت سیکریٹری اپنے علاقوں میں این ٹی سی پی گائیڈلائنز پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمباکو کے نقصانات سے متعلق وسیع عوامی آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس بارے میں مربوط کوششیں ہی مثبت نتائج لا سکتی ہیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع بھر میں گاؤں کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی تاکہ انسدادِ تمباکو سرگرمیوں کو مزید مضبوط بنایا جا سکے اور عوامی شمولیت میں اضافہ ہو۔ماہرین نے نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی تمباکو نوشی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پنچایت سیکریٹریوں کو مسلسل فیلڈ مانیٹرنگ، تعلیمی اداروں کے اطراف سخت نگرانی اور عوامی مقامات پر سی او پی ٹی اے قوانین کے نفاذ پر زور دیا۔پروگرام کے آخر میں ایک مفصل انٹرایکٹو سیشن ہوا جس میں شرکاء نے زمینی سطح پر درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ محکمہ صحت کے افسران نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ضلع پونچھ کو تمباکو سے محفوظ بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔