پونچھ//نیشنل کانفرنس کے سینئر نائب صدر و سابق وزیر سید مشتاق بخاری کی قیادت میں پارٹی کارکنا ن نے پونچھ میں ایک احتجاجی ریلی نکالی ۔یہ ریلی ریاستی پریڈ پارک پونچھ سے شروع ہوکر صدر بازار سے ہوتے ہوئے قلعہ پونچھ کے قریب سے گزکر ناکھاں والی سڑک اورپھر وہاںسے واپس پریڈ پارک میں اختتام پذیر ہوئی ۔احتجاجی ریلی کے دوران نیشنل کانفرنس کارکنان نے مخلوط سرکار کی اکائیوں پی ڈی پی اور بی جے پی کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا۔ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مشتاق بخاری نے کہاکہ سرحدوں پر جنگ کا سماں ہے اور لوگ بنیادی سہولیات سے محروم ہیںتاہم حکومت نہ ہی قیام امن اور نہ ہی مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدہ ہے بلکہ وہ خواب غفلت میں سورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے اندرونی حالات ہوں یا سرحدیں ہوں ،عوام کہیں بھی محفوظ نہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع پونچھ میں بھی لوگ پریشان ہیں اورکہیں پانی نہیں تو کہیں بجلی کی وجہ سے لوگ اندھیرے میں ہیںجبکہ ماہ صیام کے دوران حکومت نے بجلی و پانی کی سپلائی کا یقین دلایاتھا۔یوتھ لیڈر شفیق بابانے کہا کہ موجودہ حکومت نے وہ تمام کام بند کر دیئے ہیں جو نیشنل کانفرنس کے دور حکومت میں شروع کئے گئے تھے ۔انہوں نے کہا کہ ریاستی مخلوط سرکار ناکام ہوگئی ہے ۔انہوں کہا کہ لوگ پریشان ہیں اور حکومت کو کوئی پرواہ ہی نہیں ۔اس دوران سردار سرجن سنگھ اورکمل جیت سنگھ نے بھی خطاب کرتے ہوئے ریاستی مخلوط سرکار کوتنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے پونچھ کا دل کہلائے جانے والے ٹائون ہال کی مرمت کے لئے رقومات واگزار کی تھیں اور اس پر کچھ کام بھی ہواتاہم نئی حکومت نے اس جانب بالکل دھیان نہیں دیا۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر عوام کو بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی گئی تو نیشنل کانفرنس ریاست گیر احتجاج شروع کرے گی۔ دریں اثناء راجوری میں بھی این سی یوتھ کی طرف سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ضلع یوتھ صدر مطیع الرحمن اور وقار لون کررہے تھے ۔ این سی کارکنان نے گوجر منڈی چوک میں احتجاج کرتے ہوئے حکومت کا پتلا نذر آتش کیا ۔