منجا کوٹ //پولیس کی جانب سے راجوری ضلع میں ٹرانسپورٹروں اور تاجروں کیساتھ متعدد میٹنگوں کا اہتمام کیا گیا جن کے دوران مکینوں کو کووڈ کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال کے دوران پولیس کیساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی گئی ۔ان اجلاسوں کے دوران پولیس آفیسران نے معززین و عام لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ وائرس کے پھیلائو کو کم کرنے کیلئے محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل کیا جائے ۔اس سلسلہ میں پولیس کی جانب سے کئی پولیس سٹیشنوں اور پولیس چیک پوسٹوں میں اجلاس منعقد کئے گئے ۔ایس ایس پی راجوری کی ہدایت پر منعقدہ اجلاس میں مکینوں و معززین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔آفیسران نے کہاکہ اس وقت ضلع میں کووڈ معاملات لگاتار آرہے ہیں تاہم سماج کے ہر ایک فرد کو چاہئے کہ وہ وائرس کو کنٹرول کرنے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائن پر مکمل عمل کرئے ۔پولیس نے ٹرانسپورٹروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ ضلع میں 50فیصد سواریوں کو ہی بٹھا کر سفر کریں جبکہ قاعدہ کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی ۔