جموں//سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکیڈمی حیدرآباد سے آئی پی ایس افسران کے ایک گروپ نے جو بھارت درشن کے دورے پر ہیں ،نے ڈائرکٹر جنرل پولیس، دلباغ سنگھ اور کشمیر زون کے دیگر سینئر پولیس افسران کے ساتھ ملاقات کی۔ اس دوران پروبیشنری افسران کو جموں و کشمیر پولیس کے کام کاج کے بارے میں جانکاری فراہم گئی۔تبادلہ خیال کے آغاز میں ڈی جی پی نے ان افسران کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے مختلف ونگز میں فورس کے مختلف ونگز، یونٹس اور اضلاع کے علاوہ سپیشل آپریشن گروپس کام کاج کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں موجودہ امن بھی جموں و کشمیر پولیس اور دیگرسیکورٹی فورسز کی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام فورسز اور انتظامیہ دیرپا امن کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں۔ڈی جی پی نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس متعدد فرائض انجام دے رہی ہیں جس میں انسداد ملیٹینسی، پولیس بندو بست، تفتیش کے علاوہ لوگوں کو مختلف خدمات فراہم کرناشامل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مختلف مشکلات کے باوجود جموں و کشمیر پولیس مرکزی زیرانتظام علاقہ میں کام کرنے والی دیگر تمام سیکورٹی فورسز کے ساتھ ملکر پاکستانی پشت پناہی والی ملی ٹینسی، بنیاد پرستی اور امن و امان کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیش پیش ہے۔انہوں نے کہا کہ ملی ٹینسی کے خلاف جنگ کے علاوہ، جموں و کشمیر پولیس گمراہ نوجوانوں کی کونسلنگ اور ان کی توانائیوں کو مثبت انداز میں ڈھالنے میں والدین کا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس سوک ایکشن پروگرام کے تحت بہت ساری سرگرمیاں انجام دے رہی ہیں اس کے علاوہ منشیات کی لت سے چھٹکارا حاصل کرانے کے مراکز بھی چلا رہی ہیں ۔ڈی جی پی نے کہا کہ پچھلی تین دہائیوں کے دوران ملی ٹینسی کے خلاف جنگ میں بڑی تعداد میں ملی ٹینٹوں کو انجام تک پہنچایا گر مگربدقسمتی سے ہم نے اس دوران اپنے 1604 بہادر جوانوں کو کھو دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ سالوں میں جموں و کشمیر پولیس نے ہتھیار سازی، تربیتی مہارتوں اور جدید ٹیکنالوجی کی شکل میں زبردست ترقی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ مختلف چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ڈی جی پی نے دورہ کرنے والے افسران سے کہا کہ وہ اپنے قیام کا بھرپور فائدہ اٹھائیں اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ جموں و کشمیر پولیس کے افسران سے ملاقات کریں تاکہ فورس کے کام کے کلچر سے تجربہ حاصل کیا جا سکے۔اس موقع پر ڈی آئی جی سی کے آر سجیت کمار، ایس ایس پی سری نگر راکیش بلوال، ایس ایس پی بڈگام طاہر سلیم، ایس ایس پی کرائم سری نگر امرت پال سنگھ اور ایس پی ویسٹ سری نگرطاہر گیلانی بھی موجود تھے۔یہاں یہ بتانا ضروری ہے کہ 74 آر آر کے 26 پروبیشنری آئی پی ایس افسران اپنے مطالعاتی اور ثقافتی دورے پر جموں وکشمیر وارد ہوئے ہیں۔