مینڈھر //سرپنچ ایسوسی ایشن مینڈھر نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ پنچایتوں کیلئے خصوصی طورپر مرتب کردہ تعمیر اتی و ترقیاتی پلان کیساتھ کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ نہ کی جائے ۔ایک پریس کانفرنس کے دوران ایسوسی ایشن کے صدر شوکت چوہدری نے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے پنچایتوں میں تعمیرات کیلئے 15ایف سی کے پلان مرتب کرنے کیلئے کہا گیا ہے تاہم کمیٹیوں کو ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ صرف 70فیصد پلان مرتب کیاجائے جبکہ پلان میں سے 30فیصد حصہ بی ڈی سی اور ڈی ڈی سی اراکین کیلئے رکھا گیا ہے جوکہ پنچایتوں کیساتھ ناانصافی ہے ۔انہوں نے کہاکہ وہ بی ڈی سی اور ڈی ڈی سی اراکین کے کام کے خلاف نہیں ہیں تاہم ان کیلئے علیحدہ سے پلان مرتب کیا جائے تاکہ پنچایتوں کو پورا پورا حصہ مل سکے ۔پنچایتی اراکین نے کہا کہ منریگا کو چھوڑ کر دیگر کئی سکیموں میں پنچایتوں کو برراست حصہ ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔انہوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بلاک ڈیو لپمنٹ کونسل اور ضلع ترقیاتی کونسل کیلئے علیحدہ سے پلان مختص رکھا جائے ۔