نئی دہلی //پنچاب میں انڈین ایئرفورس (آئی اے ایف) کا مگ 21 بیسن لڑاکا طیارہ جمعرات کی دیر رات پنجاب کے ضلع موگا میں حادثہ کا شکار ہوگیا جس میں پائلٹ اسکواڈرن لیڈر ابھینو چودھری کی موت ہوگئی۔یہ طیارہ باقاعدہ تربیتی پرواز پر تھا۔ اس نے پنجاب کے ضلع لدھیانہ کے آئی اے ایف ہلواڑہ ہوائی اڈے سے راجستھان کے سورت گڑھ کے لئے پروازبھری تھی لیکن موگا کے واگھاپورانا سب ڈویڑن کے تحت لانگیانا گاؤں کے قریب تکنیکی خرابی کی وجہ سے حادثہ کا شکار ہوگیا۔ پائلٹ نے طیارہ نیچے گرنے سے پہلے چھلانگ لگائی ، لیکن نیچے پہنچنے پروہ شدید زخمی ہوگیا اور دم توڑ دیا۔ اس سے قبل یہ طیارہ سورت گڑھ سے ہلواڑہ پہنچا تھا۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ایئرفورس،فوج اور ضلع انتظامیہ و پولیس کے اعلی افسران موقع پر پہنچ گئے۔