سرنکوٹ // اپنے مطالبات کو لیکر پرنئی پروجیکٹ ملازمین کی جانب سے پچھلے دور روز سے کام چھوڑ ہڑتال کی جا ری تھی جو ایس ڈی ایم کی یقین دہانی پر ختم کردی گئی ہے ۔ان ملازمین کے مطابق ان سے اضافی کام کروایا جاتا ہے اور اس کا محنتانہ نہیں دیا جاتا ۔ملازمین کے مطابق ان کے ساتھ نا انصافی کی جا رہی ہے جس کی اطلاع وہ بارہا پروجیکٹ منیجر کو دے چکے ہیں لیکن ان کی اپیل کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ انہوںنے کہاکہ وہ احتجاج کرنے کیلئے مجبور ہوئے ہیں۔یونین کے صدر مزمل ملک نے بتایا کہ وہ لوگ مزدور پیشہ ہیں اورسخت محنت کرکے اپنی روزی کماتے ہیں، ان کے کام کرنے کا وقت مقرر ہے جس کا محنتانہ سرکار کی جانب سے طے کیا گیا ہے، قوانین کے مطابق انہیں زیادہ کام کی زیادہ اجرت ملنی چاہئے لیکن ایسا نہیںکیاجارہا ۔انہوں نے الزام لگایا کہ ان سے دوگنا کام لیا جاتا ہے ، جب اس کی شکایت انہوںنے اعلیٰ افسران سے کی تو انہوںنے ان کے محنتانہ میں سے پیسے کاٹنے شروع کردیئے جس کے نتیجے میں انہیںکام چھوڑ ہڑتال کرنا پڑی۔انہوں نے کہا کہ جب تک ان کی مانگیں پوری نہیں کی جاتی وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے ۔اس احتجاج کی خبر ملتے ہی ایس ڈی ایم سرنکوٹ ڈاکٹر بشارت حسین انقلابی نے وہاں پہنچ کر مظاہرین کے مطابات سنے جس کے بعد انہوں نے پرنئی پروجیکٹ انتظامیہ کمیٹی کے اعلیٰ آفیسروں سے بھی بات کی ۔اس دوران افسروں نے موصوف کو یقین دلایا کہ وہ ملازموں کے مطالبات پورے کریں گے جس کے بعد ایس ڈی پی او نے مظاہرین سے کچھ دنوں کا وقت انتظامیہ کو دینے کی اپیل کرتے ہوئے انہیں کہا کہ وہ تب تک اپنا کام کریں ۔ملازمین نے اپنا احتجاج ملتوی کردیاتاہم انہوںنے انتباہ دیاکہ مطالبات پورے نہ ہونے پر وہ پھر سے احتجا ج کریںگے ۔