پرائمری سکول پھگواڑی کی عمارت 14 برسوں سے تشنہ تکمیل زیر تعلیم طلباء کھلے آسمان تلے بیٹھنے پر مجبور ،متعلقہ محکمہ خاموش

عشرت حسین بٹ
منڈی// ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کا پرائمری سکول پھگواڑی کی عمارت کا تعمیری کام گزشتہ 14 برسوں سے مکمل ہی نہیں ہو سکا ہے جس کی وجہ سے اس سکول میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کھلے آسمان تلے بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں ۔انتظامیہ کی جانب سے 2008 میں عمارت کا تعمیری کا شروع کیا گیا تھا جس کی دیواریں تو تعمیر کی گئی ہیں مگر چودہ برس گزر جانے کے باوجود بھی سکول کی عمارت پر نہ ہی لینٹر ڈالا گیا اورنہ ہی عمارت کو مکمل کرنے کیلئے کوئی عملی قدم اٹھایا جارہا ہے ۔مکینوں کے مطابق 2016/17 میں شدید بارش اور برف باری کی وجہ سے سکول کی دیواروں میں بھی شگاف پڑگئے ۔

 

مکینوں کا کہنا تھا کہ 1980 کی دہائی میں اس سکول کا قیام کیا گیا تھا اور آج بھی اس سکول کی حالت جوں کی توں ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ جس عمارت میں سکول کے 70 سے زائدطلباء اس وقت زیر تعلیم ہیںلیکن حکام کی نا اہلی کی وجہ سے بچوں کا کا مستقبل تاریک ہوتا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ خستہ حال عمار ت میں تعلیم حاصل کررہے بچوں کا مستقبل تاریک ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔ علاقہ کے سرپنچ رفیق مدنی نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ سکول کی عمارت کے حوالے سے انہوں نے متعدد بار متعلقہ محکمہ کے آفسران کے نوٹس میں بھی لایا مگر ابھی تک سکول کی اس عمارت کی تعمیر شروع نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ جس عمارت میں اس وقت بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں وہ خراب موسم میں کسی بھی وقت گر سکتی ہے جس کی وجہ سے سکولی بچوں اور اساتذہ کو خطرہ لاحق ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ اس سکول کے بچوں کو آسمان تلے تعلیم حاصل کرنی پڑ رہی ہے۔ پھگواڑی کی عوام نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کے آعلیٰ آفسران سے اپیل کی ہے کہ سکول کی عمارت کا تعمیری کام جلد مکمل کیا جائے تاکہ بچوں کی تعلیم متاثر نہ ہو۔