پرائمری سکول مرگ حیات پورہ میں پانی کی قلت

پرویز خان

منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کے دور افتادہ علاقہ حیات پورہ کی وارڈ نمبر 8میں قائم کر دہ گور نمنٹ پرائمری سکول مرگ میں پینے کے صاف پانی کی کوئی سہولیت نہ ہونے کی وجہ سے بچوں کی مشکلات بڑھتی جارہی ہیں ۔سکول میں اس وقت 45بچے زیر تعلیم ہیں تاہم پینے کا صاف پانی نہ ہونے کی وجہ سے بچے اپنے گھروں سے بوتلوں میں پانی بھر کر سکول لانے پر مجبور ہیں ۔والدین نے بتایا کہ سکول میں پینے کے صاف پانی کا کوئی بندو بست نہیں ہے جس کی وجہ سے ان کے بچوں کو کتابوں کیساتھ ساتھ پانی بھی گھروں سے لے کر جانا پڑرہا ہے ۔

 

دوسری جانب پانی کی قلت کی وجہ سے بیت الخلاء بھی استعمال کے قابل نہیں ہیں ۔سکول سے دور ایک ہینڈ پمپ قائم ہے تاہم اس سے بھی سکول میں لائن بچھا کر پانی کی فراہمی کو یقینی نہیں بنایا گیا ہے ۔والدین و مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ہینڈ پمپ سے مذکورہ سکول میں پانی کی سپلائی کیلئے ایک لائن بچھائی جائے تاکہ بچوں کو پانی میسر ہو سکے ۔