منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کے منگل ناڑ علا قہ میں قائم کر دہ گورنمنٹ پرائمری سکول دہکھ کی حالت انتہائی خراب ہو چکی ہے جسکی وجہ سے تعلیمی ادارے میں زیر تعلیم بچوں کی پڑھائی بُری طرح سے متاثر ہو رہی ہے ۔مکینوں نے انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں قائم واحد گور نمنٹ سکول میں اس وقت 80کے قریب بچے زیر تعلیم ہیں تاہم ان کے استعمال کیلئے صرف 2ہی کمرے دستیاب ہیں جبکہ دیگر 3کمروں کی حالت انتہائی خراب ہو گئی ہے لیکن متعلقہ محکمہ بچوں کی معیاری تعلیم کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کررہا ہے ۔مقامی سرپنچ محمد ممتاز نے بتایا کہ سکول کی خراب حالت کی وجہ سے بچوں کو کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کر نے پر مجبور ہونا پڑگیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سکول میں صرف دھوپ میں ہی تعلیمی عمل ممکن بنایا جاتا ہے جبکہ بارشوں کے دوران اکثر بچوں کو چھٹی دے دی جاتی ہے جس کی وجہ سے ان کا مستقبل تاریک ہوتا جارہا ہے ۔سرپنچ موصوف نے بتایا کہ اس سلسلہ میں متعلقہ حکام سے بھی رابطہ کیا گیا لیکن ابھی تک سکول کی حالت جوں کی تو ں ہی ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ خستہ حال عمارت کی جلداز جلد مرمت کروائی جائے تاکہ بچوں کو درپیش مشکلات کم ہو سکیں ۔