جموں //جموں وکشمیر پولیس نے 11فروری کو جموں میں مبینہ طورپر پاکستان کے حق میں ہوئی نعرے بازی اور اس کے بعد پیدا ہو ئے حالات کے سلسلہ میں معاملہ درج کرتے ہوئے معاملہ میں مبینہ طور پر ملوث 3افراد کے خاکے بھی جاری کئے ہیں ۔یاد رہے کہ 11فروری کو شدید برفباری کی وجہ سے جموں سرینگر قومی شاہراہ پرپسیاں گر آنیکی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حرکت کیلئے بند ہو گئی تھی جس کی وجہ سے جموں میں کشمیر مسافروں کی ایک بڑی تعداد درماندہ ہو کر رہ گئی تھی ۔ الزام ہے کہ ان میں سے تین افراد نے جی جی ایم سائنس کالج کے سامنے ملک مخالف نعرے بازی کی تھی ۔پولیس کی جانب سے اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر دفعات 124A،341،147،148اور 336 معاملہ درج کر لیا گیا ہے ۔ تین افراد کے خاکے جاری کئے ہیں اور اس سلسلہ میں ایک نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ان تینوں افراد کی نسبت معلومات کی صورت میں پولیس کیساتھ رابطہ قائم کیا جائے ۔پولیس ذرائع کے مطابق ان تینوں افراد کے خاکے تیار کرنے کیلئے جی جی ایم سائنس کالج کے نزدیک ایک دکان پر نصب سی سی ٹی وی فوٹیج سے مدد لی ہے جن میں تین افراد کو مبینہ طور پر نعرے بازی کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ۔یاد رہے مذکورہ واقعہ پیش آنے کے بعد مختلف کالجوں کے طلباء نے تین دن تک کلاسز کا بائیکاٹ کرتے ہوئے شہر کے مختلف علا قوں میں احتجاج بھی کیا تھا ۔