راجوری //راجوری کے بھتونی علاقے میں پینے کے پانی کی شدیدقلت پائی جارہی ہے جسے پورا کرنے کے لئے لوگ کرایہ پر گھوڑے لیکر پانی حاصل کرنے پر مجبور ہیں ۔ مقامی لوگوں کاکہناہے کہ پانی ان کیلئے ایک اہم مسئلہ ہے اور اس مدعے پر انہوںنے کئی بار ووٹ بھی دیئے لیکن آج تک پیاس نہیں بجھ پائی ۔ محمد شفیع نے بتایا کہ وہ اپنے ہمراہ اپنے 10سالہ بچے کو اسکول سے واپسی کے بعد پانی کیلئے لیجاتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ بھتونی اپر میں محکمہ پی ایچ ای کی طرف سے بھی کہیں پر بھی پانی کا بندوبست نہیں رکھاگیا اور نہ ہی آج تک سپلائی لائن بچھائی گئی ہے ۔محمد شفیع نے بتایا کہ لوگ کئی مرتبہ ممبر اسمبلی اور ایم ایل سی سے بھی ملے لیکن صرف یقین دہانیاں دے کر واپس کردیاجاتاہے اور پانی کی سپلائی کا کوئی انتظام نہیں کیاجارہا۔ان کاکہناہے کہ غریب لوگ گھوڑے بھی کرایہ پر نہیں لے سکتے اوران کیلئے پانی کا حصول بہت دشوار ہے ۔انہوں نے بتایاکہ کئی کلومیٹر سفر کرنے کے بعد بائولی سے پینے کا پانی حاصل کرنا روزانہ کا معمول بن چکاہے ۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ اسمبلی الیکشن میں بھی انہوںنے پانی کے مسئلہ پر ووٹ ڈالے تاہم حاصل کچھ نہیں ہوا۔ان کاکہناہے کہ سارا دن پانی کی تگ ودو میں بیت جاتاہے اور مویشی بھی پیاس سے بلک رہے ہیں جنہیں پانی پلانے کے لئے بھی بائولی پر لیجاناپڑتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ سننے میں آیاہے کہ ڈپٹی کمشنر راجوری عوامی خدمات میں پیش پیش رہتے ہیں اور اب وہ بھی انہی سے امید لگائے بیٹھے ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ سیاسی لیڈران نے ہر بار وعدہ خلافیاں کیں جن سے اب اعتماد ہی اٹھ چکاہے کیونکہ ان کے وعدے سراب ثابت ہوئے ہیں۔