پالمامیں 1شخص کی پُر اسرار موت کے بعد احتجاج

راجوری//راجوری کے پالما گاؤں میں ایک مقامی شخص کی ہوئی پُر اسرار موت کے بعد رشتہ داروں نے احتجاج کیا جبکہ پولیس نے اس سلسلہ میں معاملہ در ج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ پالما میں ایک شخص ، جو کہ فوج کا ایک سابق فوجی بھی تھا، کی پراسرار حالت میں موت کے بعداہل خانہ و گائوں والوں کی جانب سے احتجاج کر کے معاملہ کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے جبکہ احتجاج کے دوران گاڑیوں کی آمد ورفت بھی بند کی گئی ۔مرنے والے کی شناخت شناخت سکھ دیو (65) سکنہ سنکاری پالما کے طور پر کی گئی ہے۔متوفی کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ تین روز قبل پراسرار حالات میں لاپتہ ہوا تھا جس کے بعد مقامی تھانے میں گمشدگی کی شکایت بھی درج کرائی گئی تھی اور لاپتہ شخص کی تلاش جاری ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ پیر کی صبح گاؤں کے کھیتوں میں متوفی کی لاش پڑی ہوئی تھی جس کے بعد پولیس ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو قبضے میں لے لیا۔احتجاج کرنے والے مقامی لوگوں نے اس واقعہ کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے راجوری کوٹرنکہ بدھل روڈ کو گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند کر دیا۔مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ گمشدگی اور اس کی موت پراسرار حالات میں ہوئی ہے اور حقائق جاننے کے لئے اس کی مکمل تحقیقات کی ضرورت ہے۔بعد ازاں ایس ایچ او راجوری فرید احمد اور سول انتظامیہ کی ٹیم احتجاجی مقام پر پہنچی اور مظاہرین کو یقین دلایا کہ اس معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور معاملے کی مکمل چھان بین کی جائے گی۔اس یقین دہانی پر احتجاج ختم کردیا گیا اور مصروف راجوری کوٹرنکہ بدھل روڈ پر گاڑیوں کی آمدورفت دو گھنٹے بعد بحال ہوگئی۔دوسری جانب پولیس نے کہا کہ سی آر پی سی 174 کے تحت معاملے کی تفتیش کی کارروائی شروع کی ہے اور متوفی کی لاش کا پوسٹ مارٹم بھی کرایا گیا ہے۔