بلال فرقانی
سرینگر//سرینگر کے ڈاؤن ٹاؤن علاقوں خصوصاً خانیار،رعناواری اور اس سے ملحقہ بستیوں میں گھنٹوں طویل بجلی کٹوتی کے باعث عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہیں، جبکہ شدید سردی کے دوران بجلی کی عدم دستیابی نے روزمرہ زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میںطویل اور غیر اعلانیہ بجلی کٹوتی معمول بن چکی ہے، جس کے باعث گھریلو صارفین، بزرگوں، بچوں اور مریضوں کو شدید پریشانی لاحق ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ سردیوں کے موسم میں بجلی نہ ہونے سے حرارتی نظام، پانی کی فراہمی اور گھریلو معمولات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
مقامی باشندوں نے بتایا کہ ان کے علاقوں میں سمارٹ میٹر پہلے ہی نصب کیے جا چکے ہیں، اس کے باوجود بجلی کی فراہمی میں بہتری کے بجائے کٹوتی میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شہر کے دیگر علاقوں میں جہاں صرف دو سے تین گھنٹے بجلی کٹوتی کی جا رہی ہے، وہیں ڈاؤن ٹاؤن کے علاقوں کو غیر مساوی اور امتیازی صورتحال کا سامنا ہے۔علاقہ کے مکینوں نے متعلقہ محکمہ بجلی سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ڈاؤن ٹاؤن علاقوں کو طویل کٹوتی سے نجات دلائی جائے، خصوصاً ایسے وقت میں جب درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے جا رہا ہے۔ لوگوں نے حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ زمینی سطح پر مسائل کا جائزہ لے کر بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائیں۔